خیبرپختونخوا حکومت صوبے میں رواں منصوبوں کے لئے فنڈز جلد از جلد جاری کرے،سردار حسین بابک

فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے گزشتہ حکومت کے منصوبے تین چار سال سے التواء کا شکا ر ہیں، دوائیاں ، سپرے نہ ہونے کی وجہ سے ڈینگی کے مریضوں میں اضافہ ہورہا ہے،صوبائی سیکرٹری جنرل عوامی نیشنل پارٹی

بدھ 11 ستمبر 2019 19:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و ڈپٹی اپوزیشن لیڈر سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں رواں منصوبوں کے لئے فنڈز جلد از جلد جاری کرے۔ گزشتہ حکومت میں ٹینڈر کئے گئے منصوبے فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے تین ، چار سال سے التواء کا شکار ہیں جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

باچا خان مرکز پشاور سے جاری اپنے بیان میں سردار حسین بابک نے کہا کہ صوبے کے طول و عرض میں غریب عوام اپنی مدد آپ کے تحت ترقیاتی کاموں میں مصروف ہیں کیونکہ ان کا دوسرا کوئی چارہ نہیں ،عوام چندہ اکھٹا کر کے اپنے مسائل حل کر دیتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت صوبے کی کمزور مالی حالت کے بارے میں عوام کو آگاہ کر یں۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہو گئی ہیں اور آمد و رفت کی قابل نہیں رہی ہیں اور روز بروز روڈز کی حالت ابتر سے ابتر ہوتی جارہی ہے،ہسپتالوں میں دوائیاں موجود نہیں ہیں،عوام ٹرانسفامرز چندوں سے مرمت کررہے ہیں،مہنگائی نے عوام کا جینا حرام کردیا ہے،مہنگی بجلی اور ناروا لوڈٖشیڈنگ نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ہے اور حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آڑہی۔

سردار حسین بابک نے کہا کہ ایک طرف غریب عوام مجبور ہے کہ مہنگی داموں بجلی،گیس اور تیل خریدیں جبکہ دوسری طرف تبدیلی سرکار کی حکومت اپنی عددی اکثریت کے بنیاد پر عوام پر اپنے فیصلے مسلط کررہی ہے،بھاری بھر فیسوں اور جرمانوں نے عوام کو سخت پریشان کیے رکھا ہے اور اُس کے باوجود ترقیاتی کاموں کیلئے سرکار کا خزانہ خالی پڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو احتجاجوں پر مجبور کیا جارہا ہے،صوبائی حکومت مرکزی حکومت کے سامنے اپنے صوبے کے مالی بقایاجات کا مسئلہ فوری اور ہنگامی بنیادی پر اُٹھائیں اور عوام کے مشکلات میں کمی لائیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی نے صوبے کے طول و عرض میں دوبارہ سر اُٹھالیا ہے اور ہسپتالوں میں دوائیاں ، ڈینگی بچاو کا سپرے اور دوسرے احتیاطی تدابیر نہ ہونے کی وجہ سے روزانہ ڈینگی کے مریضوں میں اضافہ ہورہا ہے اور غریب عوام ڈینگی سے متاثر ہونے کی وجہ سے سخت مشکلات کا شکار ہے۔