ضم قبائلی اضلاع میں مہلک بیماریوں سے بچائو کی مہم شروع ہوگئی

بدھ 11 ستمبر 2019 23:32

پشاور۔11ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) ضم قبائلی اضلاع میں10 مہلک بیماریوں سے بچوں کے بچائو کی 12 روزہ مہم شروع شروع ہوگئی جس میں 7 اضلاع اور 6سب ڈسٹرکٹس میں پیدائش سے لیکر 2 سال تک کے عمر کے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جا رہے ہیں، بچوں کو ٹی بی، خناق، تشنج، یرقان، گردن توڑ بخار، کالی کھانسی، پولیو، دست اور اسہال کی ویکسین فراہم اور نمونیہ اور خسرہ سے بچاو کے ٹیکے بھی لگائے جارہے ہیں۔

ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ضم اضلاع ڈاکٹر شاہ فیصل کا کہنا ہے کہ توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات (ای پی آئی)نے خصوصی مہم کیلئے انتظامات مکمل کر لئے ہیں بچوں تک رسائی کیلئے مساجد، مدارس، سکولوں، حجروں اور عوامی مقامات پر کیمپس لگائے گئے ہیں، ای پی آئی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر اسامہ شبیر کی نگرانی میں خصوصی ٹیمیں مہم میں بچوں کو ٹیکے لگارہی ہی،مہم کی مانیٹرنگ کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے باعث دو اضلاع کرم اور اورکزئی میں مہم شروع نہیں کی گئی جہاں 14 ستمبر سے مہم کا آغاز کیا جائے گا، بچوں کو بیماریوں سے بچانا حکومت اور والدین کی ذمہ داری ہے اس مقصد کے لئے وسیع پیمانے پر مہم چلائی جارہی ہے ، عوامی آگاہی کا بھی بندوبست کیا گیا ہے محکمہ صحت کی ٹیمیں والدین اور معاشرے میں اثر رسوخ رکھنے والے افراد کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں اور انہیں حفاظتی ٹیکہ کی اہمیت اور افادیت سے آگاہی دی رہی ہے۔ ہر بچے تک پہنچنے کے لئے مہم کی کڑی مانیٹرنگ کی جارہی ہے تمام بچوں تک پہنچنے سے ضم اضلاع میں بچوں کے امراض کافی حد تک کنٹرول ہوں گے جس کا بچوں کی صحت کے اعشاریوں پر مثبت اثر پڑے گا۔

متعلقہ عنوان :