جنرل قمر جاوید باجوہ کا آرمی میڈیکل سینٹر ایبٹ آباد کا دورہ

لیفٹیننٹ جنرل خاور رحمان کو اے ایم سی کے کمانڈنٹ کے بیجز لگائے

جمعرات 12 ستمبر 2019 14:59

جنرل قمر جاوید باجوہ کا آرمی میڈیکل سینٹر ایبٹ آباد کا دورہ
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2019ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعرات کو آرمی میڈیکل سینٹر ایبٹ آباد کا دورہ کیا اور لیفٹیننٹ جنرل خاور رحمان کو اے ایم سی کے کمانڈنٹ کے بیجز لگائے۔ سبکدوش ہونے والے کرنل کمانڈنٹ لیفٹیننٹ جنرل (ر) زاہد حامد، آرمی میڈیکل کور کے حاضر اور ریٹائرڈ افسران و سپاہی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق آرمی میڈیکل کور کے کمانڈنگ افسران اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قیمتی جانیں بچانے پر اے ایم سی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان آرمی اور عام شہریوں کو معیاری طبی خدمات کی فراہمی پر ڈاکٹروں اور طبی عملے کی خدمات اور کردار کی بھی تعریف کی۔ قبل ازیں آمد پر چیف آف آرمی سٹاف نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ پڑھی۔