دسمبر کے آخر تک نئے بلدیاتی انتخابات کرانے کے مطالبے کی قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع

جمعرات 12 ستمبر 2019 15:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2019ء) دسمبر کے آخر تک نئے بلدیاتی انتخابات کرانے کے مطالبے کی قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی گئی ۔ مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی سمیر کومل کی جانب سے جمع کروائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ پنجاب میں بلدیاتی نمائندوں کی عدم موجودگی میں یونین کونسلز میں مسائل کے انبار لگ چکے ہیں۔

حکومت نے ایک بل کے ذریعے منتخب نمائندوں کو ہٹاکرعوام کو سرکاری افسران کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب کے 36اضلاع میں گزشتہ ایک سال سے گلیوں کی تعمیر و مرمت اور سیوریج کے مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔گلی محلوں میں سٹریٹ لائٹس ،پانی کے ٹیوب اور واٹر فلٹریشن پلانٹ عرصہ دراز سے خراب پڑے ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے افسران بند کمروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔صوبائی دارالحکومت کے بیشترانڈر پاسز کی لائٹس خراب پڑی ہیں۔ قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت دسمبر کے آخر تک نئے بلدیاتی انتخابات کرائے۔اختیارات سرکاری افسران سے عوامی نمائندوں کو منتقل کیے جائیں۔