گوجرانوالہ، محافظ کا فرض ہے کہ وہ شائستہ زبان سے شہریوں کی مشکلات کا مداوا کرے، آر پی او

ہفتہ 14 ستمبر 2019 20:20

گوجرانوالہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2019ء) ریجنل پولیس آفیسر طارق عباس قریشی نے کہاکہ اللہ تعالی نے انسان کو عقل ، سوچ، یادداشت اور فیصلہ کرنے کی قوت دے کر دوسری مخلوق پر فوقیت دی ہے ۔ اب ہمارا فرض ہے کہ ہم ان صلاحیتوں کو استعمال میں لا کر بہترین مخلوق ہونے کا ثبوت دیں ۔ اخلاق بہت بڑی طاقت ہے، محافظ کا فرض ہے کہ وہ شائستہ زبان سے شہریوں کی مشکلات کا مداوا کرے اور انصاف کی فراہمی کے راستوں میں رکاوٹ پیدا نہ کر ے ۔

اگر ہم معاشرے میں بہتر اور مثبت تبدیلی کے خواہاں ہیں تو ہمیںعلم کے حصول کی طرف رجوع کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے اشرف مارتھ شہید پولیس لائنز میں ریجن بھر کے ایس ڈی پی اوز ، ایس ایچ اوز ، محرران اور فرنٹ ڈیسک کے سٹاف سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سٹاف آفیسر انسپکٹر ضیغم ثناء، پی ایس محمد شبیر ،انچارج آئی ٹی محمد وسیم ،فیصل شہزاد و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

دوران خطاب آر پی او نے کہا کہ عہدہ اور زندگی اللہ تعالی کی امانت ہیں اور بہتر پولیس افسر وہ ہے جو اس امانت میں خیانت نہ کرے ۔ اپنے فرائض کی ادائیگی میں عدل و انصاف کا دامن نہ چھوڑے۔انہوں نے فرنٹ ڈیسک کے سٹاف اور محرران کو ہدایت کی کہ وہ تھانہ جات میں آنے والے شہریوں کو عزت و احترام سے بٹھائیں ۔ان کے مسائل کو بغور سنیں اور اُن کے فوری حل کے لیے متعلقہ افسران کو آگاہ کریں۔

انہوں نے ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ وہ پولکام کے ریکارڈ کی تکمیل اور درستگی کو یقینی بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر خود مانیٹرنگ کریں۔ اس میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہ کی جائے گی۔ ریجنل پولیس آفیسر نے کہا کہ نیک نیتی اور صدق دل کے ساتھ کام کرنے سے کام آسان اور منزل کا حصول یقینی ہو جاتا ہے، شہریوں پر پولیس کے اعتماد کو بحال کیا جائے گا، ہر پولیس آفیسر اور اہلکار اپنے افعال کا خودذمہ دار ہو گا ۔

متعلقہ عنوان :