بلوچستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں ،،وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان

منگل 17 ستمبر 2019 23:40

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں ، اس صوبے کو خدانے ہر نعمت سے نوازا ہے جس سے بھرپورانداز میں استفادہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ صوبے میں پائیدار ترقی کے عمل کو تیز کیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چوتھے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں سیکریٹری خزانہ نورالحق بلوچ، سیکریٹری صنعت غلام علی بلوچ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو قمر مسعود اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی، اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ، سی ای اوبورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ زاہدسلیم نے بتایا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کا وژن بلوچستان میں سرمایہ کاری کے لئے مناسب اور دوستانہ ماحول کی فراہمی ہے تاکہ بلوچستان کے معاشی اور سماجی سیکٹر میں ترقی کے اہداف کا حصول ممکن ہوسکے، اجلاس میں بی بی او آئی کو درپیش مالی اور انتظامی مسائل کے حل جبکہ وفاق اور دیگر صوبوں میں فعال بورڈ آف انویسٹمنٹ کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا گیا جبکہ بورڈ کو کمپنی موڈ میں فعال کرنے، نجی شعبے سے تجربہ کار افراد کی خدمات حاصل کرنے، مالی اور انتظامی امور سے متعلق فیصلوں کی منظوری بھی وزیراعلیٰ کی جانب سے دی گئی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے چار بڑے سیکٹرز سمندری نمک، بلوچستان کی طویل ساحلی پٹی، معدنیات اور ری نیوایبل انرجی میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجوو ہیں جبکہ صوبے کا وسیع رقبہ اسے زراعت اور لائیو اسٹاک کے لئے بھی موزویت فراہم کرتاہے اس سلسلے میں بی بی او آئی ٹی کا کردار بہت کلیدی ہے جو صوبے میں سرمایہ کاری لانے میں اپنا فعال کردار ادا کرسکتا ہے، صوبے میں بیرونی سرمایہ کاری کے لئے اچھا ماحول بن رہا ہے اور ہم بہتر ہیومن ریسورس کو بروئے کار لاتے ہوئے بلوچستان کو روشن مستقبل دے سکتے ہیں جبکہ صوبے کے محاصل میں اضافے سے عوام میں مجموعی طور پر خوشحالی اور آسودگی آئے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے بورڈ کو سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعہ مطلوبہ ضروریات اور سہولیات کی فراہمی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :