سعودی عرب میں نئے پاکستانی قونصل جنرل کی تعیناتی کر دی گئی

سابق قونصل جنرل شہریار اکبر خان کو اُن کی مُدت ختم ہونے کے بعد سربیا میں سفیر تعینات کر دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 18 ستمبر 2019 15:47

سعودی عرب میں نئے پاکستانی قونصل جنرل کی تعیناتی کر دی گئی
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،18ستمبر 2019ء) سعودی عرب میں نئے پاکستانی قونصل جنرل کی تعیناتی کر دی گئی۔ سابق قونصل جنرل شہر یار اکبر خان کو اپنی مُدت مکمل کر لینے کے بعد سربیا میں پاکستانی سفیر تعینات کر دیا گیا ہے۔ نئے قونصل جنرل خالد مجید نے گزشتہ روز قونصل خانے میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ اس موقع پر انہوں نے افسران اور عملہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدہ میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کے لیے منتخب کیے جانے پر اُنہیں بہت زیادہ خوشی ہے۔

قونصلیٹ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق قونصل جنرل خالد مجید کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سے باہر مقیم پاکستانی کمیونٹی کی سب سے زیادہ تعداد سعودی عرب میں ہے۔ ہمارا اولین فرض یہ ہے کہ ہم ان کی مناسب وقار اور عزت کے ساتھ خدمت کریں۔

(جاری ہے)

انسانیت کی خدمت کرنا اسلام کی تعلیم ہے۔ ہمیں اسی جذبے کے ساتھ پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کرنی چاہئے۔واضح رہے کہ خالد مجید 1969ء میں پیدا ہوئے۔

انہوں نے دس سال تک مسلح افواج میں خدمات سرانجام دیں۔ اس کے بعد انہوں نے 1999ء میں پاکستان کی وزارت خارجہ میں شمولیت اختیار کی۔ خالد مجید وزارت خارجہ کے ہیڈ کوارٹر میں جنوری 2000 تا جون 2004 تک سیکشن آفیسر اور اگست 2008 سے اپریل 2010 تک ڈائریکٹر کی خدمات نبھا چکے ہیں۔ انہوں نے ہیگ، لندن اور بیجنگ میں پاکستان مشنز میں بھی مختلف نوعیت کی سفارتی خدمات انجام دیں۔ جدہ میں قونصل جنرل کے عہدے پر تعیناتی سے قبل خالد مجید اسلام آباد میں وزارت خارجہ میں ڈائریکٹر جنرل (ہیڈ کوارٹر فنانس) کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ پاکستان کمیونٹی کی جانب سے خالد مجید کی بطور قونصل جنرل تعیناتی کا بہت زیادہ خیر مقدم کیا گیا ہے۔