کینسر کے مریضوں کاحکومت کی جانب سے ادویات کی فراہمی بند کرنے کیخلاف پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ پر احتجاج

آج پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر بھی احتجاج کرنے کے اعلان ،حکومتی فوری ادویات کی فراہمی کا اعلان کرے‘ حسن مرتضی

بدھ 18 ستمبر 2019 23:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2019ء) کینسر کے مریضوں اور ان کے عزیز و اقارب نے حکومت کی جانب سے کینسر کی ادویات کی فراہمی بند کرنے کیخلاف پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ کو بند کر کے احتجاجی مظاہرہ کیا ،آج (جمعرات) پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر بھی احتجاج کرنے کے اعلان کر دیا ، مال روڈ کا ایک حصہ بند ہونے کی وجہ سے ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام گھنٹوں جام رہا جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق کینسر کے مریضوں اور ان کے عزیز وا قارب کی بڑی تعداد نے پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کر کے احتجاج کیا ۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کینسر کی ادویات کی فراہمی کے نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے بتایا کہ یکم اپریل سے جناح اور میو ہسپتال سے ادویات نہیں مل رہیں۔ لاکھوں روپے کی مہنگی ادویات بازار سے خریدنے پر مجبور ہیں ۔

کراچی اور خیبر پختواہ میں ادویات مفت ہیں ،لاہور میں پہلے مفت ادویات ملتی تھیں لیکن انہیں بند کر دیا گیا ہے ۔ جب تک ادویات کی دوبارہ بحالی کا اعلان نہیں کیا جاتا احتجاج جاری رہے گا۔ پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر حسن مرتضی نے بھی احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی ۔ انہوں نے کہا کہ کینسر ہسپتال سے شہرت حاصل کرنے والوں نے غریب عوام کیلئے کینسر کی ادویات بند کر دی ہیں۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ فی الفور ادویات کی فراہمی شروع کی جائے ۔ مظاہرے کے دوران کینسر کی مریضہ کی طبیعت خراب ہو گئی جسے اپنی مدد آپ کے تحت ہسپتال منتقل کیا گیا ۔مظاہرین نے آج جمعرات کے روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر بھی احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا۔