سال 2018ء کے دوران فرانس کے لئے برآمدات میں 61 ملین ڈالر اضافہ

جمعرات 19 ستمبر 2019 09:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) فرانس میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے کہا ہے کہ 2018ء میں فرانس کے لئے قومی برآمدات میں 61 ملین ڈالر اضافہ ہوا ہے۔ پیرس میں منعقد ہونے والی چار روزہ عالمی تجارتی نمائش ’’ٹیکس ورلڈ‘‘ میں 21 سے زیادہ پاکستانی کمپنیوں کی شرکت سے برآمدات کے فروغ میں مدد ملے گی۔ معین الحق نے کہا کہ گزشتہ سال پاکستان نے فرانس کو 1.034 ارب ڈالر کی برآمدات کی ہیں جبکہ سال 2017ء کے دوران برآمدات کا حجم 973 ملین ڈالر رہا تھا۔

(جاری ہے)

اس طرح سال 2017ء کے مقابلہ میں سال 2018ء کے دوران ملکی برآمدات میں 61 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی تجارتی نمائشوں میں شرکت سے پاکستانی برآمدکنندگان اپنی مصنوعات کی نمائش کے ساتھ ساتھ مارکیٹ کی ضروریات سے بھی آگاہی حاصل کرتے ہیں اور اس کے علاوہ انہیں نمائش میں شریک دیگر ممالک کی ٹیکنالوجی سے استفادہ میں بھی مدد حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کے چار روزہ عالمی تجارتی میلے میں پاکستانی اداروں کی بڑی تعداد میں شرکت قومی برآمدات کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی اور اس سے پاک فرانس معاشی روابط کے فروغ اور استحکام میں بھی مدد حاصل ہوگی۔