علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ’’خواندگی اور کثیر اللسانیت‘‘ کے موضوع پر ایک روزہ قومی سیمینار کا انعقاد

جمعرات 19 ستمبر 2019 16:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں عالمی یوم خواندگی)ستمبر 2019ئ( کے حوالہ ’’خواندگی اور کثیر اللسانیت‘‘ کے موضوع پر ایک روزہ قومی سیمینار منعقد ہوا۔ نوجوانوں کو رزق حلال کمانے اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں حصہ لینے کے قابل بنانے کیلئے مقررین نے مہارت پر مبنی تعلیم کے فروغ پر زور دیا۔

شرح خواندگی میں اضافہ کیلئے انہوں نے یکساں نظام تعلیم رائج کرنے اور بچوں کو ابتدائی تعلیم مادری زبانوں میں دینے کی سفارشات بھی پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی زبانوں میں تعلیم دینے کے زیادہ بہتر نتائج برآمد ہوں گے۔ مقررین نے کہا کہ ہر پاکستانی کو آسان اور مساوی رسائی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت کو کثیراللسانی تعلیمی نظام کو فروغ دینا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم خواندگی میں بہت پیچھے ہیں جس سے ملک کی معاشی ترقی بہت متاثر ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر شعبہ زندگی میں آگے جانے کے لئے ہمیں شرح خواندگی بڑھانا ہو گا اور اس کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ مقررین نے تعلیمی بجٹ بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ سیمینار کا اہتمام فیکلٹی آف ایجوکیشن کے ذیلی شعبے فاصلاتی غیر رسمی و جاری تعلیم نے وفاقی وزارت تعلیم ،ْ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی)جائیکا( ،ْ قومی کمیشن برائے انسانی ترقی اور یونیسکو کے تعاون سے کیا تھا۔

تقریب سے یونیورسٹی کے فیکلٹی آف ایجوکیشن کے ڈین ،ْ پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود ،ْ جائیکا کی ایڈوائزر ،ْ چہیو اوہاشی، جائیکا کے ڈپٹی چیف ایڈوائزر عابد گِل ،ْ قومی کمیشن برائے انسانی ترقی کے چئیرمین کرنل (ر) ڈاکٹر امیرالله مروت ،ْ پرائیوٹ سکولز ایسوسی ایشن کے صدر افضل بابر ،ْ چیئرمین شعبہ اردو )اے آئی او یو( پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر اور شعبہ فاصلاتی غیر رسمی و جاری تعلیم کے چیئرمین ڈاکٹر محمد اجمل مقررین میں شامل تھے۔ سیمینار کے دوسرے حصہ میں ایڈلٹ لٹریسی پروگرام کی ٹیچنگ لرننگ میٹریلز کی لانچنگ بھی کرائی گئی۔ تقریب کے آخر میں یونیورسٹی کے ایڈلٹ لٹریسی سینٹرسے خواندگی کا تربیت حاصل کرنے والے یونیورسٹی ملازمین میں اسناد تقسیم کی گئیں۔