رہنماؤں کی گرفتاریوں کے خلاف متحدہ اپوزیشن کا پارلیمنٹ کے باہر احتجاج

احتجاجی کیمپ میں قیدی برائے سیاسی تاوان اور بے گناہ سیاسی قیدیوں کو رہا کرو کے بینر آویزاں

جمعرات 19 ستمبر 2019 22:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2019ء) متحدہ اپوزیشن کی جانب سے رہنماؤں کی گرفتاری اور ان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کئے جانے کے خلاف پارلیمنٹ کے باہر احتجاج کیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق متحدہ اپوزیشن نے گرفتار کئے گئے رہنماؤں کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے کے خلاف پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے باہر احتجاج شروع کردیا ہے، اس حوالے سے احتجاجی کیمپ بھی لگایا گیا ہے، کیمپ میں مسلم لیگ (ن) کے رانا تنویر، خواجہ آصف، ایاز صادق،مریم اورنگزیب اور مرتضیٰ جاوید عباسی جب کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے نوید قمر اورشازیہ مری موجود ہیں۔

(جاری ہے)

احتجاجی کیمپ میں نواز شریف کی تصویر کے ساتھ قیدی برائے سیاسی تاوان اور بے گناہ سیاسی قیدیوں کو رہا کرو کے بینر آویزاں ہے۔ احتجاجی کیمپ میں مسلم لیگ (ن) کے ترانے لگانے پر پیپلزپارٹی کی جانب سے اعتراض کیا گیا۔ شازیہ مری نے کہا کہ پارٹی ترانے نہیں لگنے چاہئیں، قومی نغمہ لگائیں، شازیہ مری نے پیپلز پارٹی کے ترانے بھی دے دیے۔اس موقع پر ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے سیاسی انتقام اور آمرانہ سوچ کے خلاف آج احتجاج ہوگا، آئینی آزادی سلب کرنے کے حکومتی فسطائی اقدامات کی مذمت کی جائے گی۔