ٹاٹا موٹرز نے جدید الیکٹرک وہیکل ٹیکنالوجی متعارف کرا دی،آئندہ سال ’’زپٹرون‘‘ سے لیس الیکٹرک کار بنانے کا ارادہ

جمعہ 20 ستمبر 2019 15:49

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) بھارتی کمپنی ٹاٹا موٹرز نے جدید الیکٹرک وہیکل ٹیکنالوجی ’’زپٹرون‘‘متعارف کرائی ہے جو بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کو توانائی کی فراہمی کے لئے اہم کردار کا حامل ہے۔ٹاٹا موٹرز کے جمعہ کو جاری ایک بیان کے مطابق ’’زپٹرون‘‘ مختلف خصوصیات کی حامل جدید ترینIP67 سٹینڈرڈ کی ٹیکنالوجی ہے جو ہائی وولٹیج سسٹم، تیز رفتار پرفارمنس ،لانگ رینج، فاسٹ چارجنگ صلاحیت کی حامل اور 8 سال کی گرانٹی رکھتی ہے۔

ٹاٹا موٹرز جس کی سالانہ آمدنی 45 بلین ڈالر ہے سے جاری بیان کے مطابق وہ آئندہ سال کی پہلی سہ ماہی میں ’’زپٹرون‘‘ سے لیس اپنی الیکٹرک گاڑی متعارف کرائیں گے۔ٹاٹا موٹرز کے سی ای او گنٹر بوشیک نے کہا کہ ہم اس ٹیکنالوجی کو ایک لاکھ کلومیٹر تک پرکھ چکے ہیں اور زپٹرون تمام تجربات میں قابل بھروسہ، جدید اور معیاری ثابت ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی ہائی ایفیشنٹ پرمننٹ میگنیٹ موٹر اور ڈسٹ اینڈ واٹر پروف بیٹری پر مشتمل ہے ۔بھارت نے 2013 میں نیشنل الیکٹرک موبلٹی مشن پلان 2020 تشکیل دیا تھا تاکہ ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ قومی توانائی کی سلامتی کے مسائل کا حل تلاش کیا جا سکے۔بھارت 2030 میں فوسل فیول فری ٹریفک نظام کی جانب جانے کا ہدف رکھتا ہے۔