وزیراعلیٰ پنجاب کا کچھ کابینہ ارکان کیخلاف الزامات کی انکوائری کا فیصلہ

وزیراعلیٰ نے وزراء کی کارکردگی رپورٹ بھی طلب کرلی، ناقص کارکردگی کی بنیاد پر چار پانچ وزراء کی وزارتیں تبدیل اور کچھ وزراء کے قلمدان واپس لیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع وزیراعلیٰ ہاؤس پنجاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 20 ستمبر 2019 15:56

وزیراعلیٰ پنجاب کا کچھ کابینہ ارکان کیخلاف الزامات کی انکوائری کا ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 ستمبر2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کچھ کابینہ ارکان کیخلاف الزامات کی انکوائری شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، وزیراعلیٰ نے وزراء کی کارکردگی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے، جس کی بنیاد پرچار پانچ وزراء کی وزارتیں تبدیل اور کچھ وزراء کے قلمدان واپس لے جائیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار گزشتہ روز عمرہ کی سعادت حاصل کرکے آج رات وطن واپس پہنچے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے چونیاں واقعے میں ملوث ملزمان کی نشاندہی کرنے والے کو نقد انعام دینے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ جو ملزمان کی نشاندہی کرے گا ان کو 50لاکھ روپے انعام دیا جائے گا، معطل افسران کی پوسٹنگ نہیں کریں گے بلکہ ان افسران کو چارج شیٹ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے آج چونیاں میں متاثرہ لواحقین سے اظہار تعزیت اور ہمدردی کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہاں سب کچھ ٹھیک ہوتا تو مجھے یہاں نہ آنا پڑتا۔

ہم نے بہترین ٹیم پر جے آئی ٹی بنائی ہے، میرٹ پر تفتیش کریں گے اور کسی بھی کوتاہی کو برداشت نہیں کریں گے، چونیاں میں ڈولفن فورس کو بھی تعینات کردیا گیا ہے۔کوشش کریں گے ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ جن پولیس افسران کو معطل کیا ہے ان کی پوسٹنگ کسی بھی جگہ دوبارہ نہیں کی جائے گی۔ ان افسران کو چارج شیٹ اور کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چونیاں واقعات کے کیسز رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔ایف آئی آر میں اے ٹی اے لگائی گئی ہے۔ملزمان کی نشاندہی کرنے والے کو نقد انعام دیا جائے گا، واقعات میں ملوث ملزمان کی نشاندہی کیلئے 50لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ قصور میں چائلڈ پروٹیکشن سنٹر بنایا جائے گا۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کابینہ ارکان کی کارکردگی رپورٹس طلب کرلی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ پنجاب کابینہ کے کچھ ارکان کیخلاف مبینہ الزامات پرانکوائری شروع کردی گئی ہے۔ جبکہ غیر تسلی بخش کارکردگی پر تین سے چار وزرا کی وزارتیں تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔ اسی طرح ناقص کارکردگی پر کچھ وزراء سے وزارتوں کے قلمدان بھی واپس لیے جانے کا امکان ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عمرہ کی ادائیگی کیلئے گئے تو انہوں نے جاتے ہوئے ترجمان شہبازگل اور عون چودھری کو عہدے سے ہٹانے کے احکامات جاری کیے تھے جس پر شہباز گل خود مستعفی ہوگئے تھے۔