Live Updates

معاون خصوصی عثمان ڈار کی چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی سے ملاقات، کامیاب جوان پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دی

جمعہ 20 ستمبر 2019 18:19

معاون خصوصی عثمان ڈار کی چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ میں چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سے خصوصی ملاقات کی اور کامیاب جوان پروگرام اور اس کے اجراء کے حوالے سے بریفنگ دی۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن اور ہدایات کی روشنی میں تاریخی کامیاب جوان پروگرام کے اجراء کی تیاریاں حتمی مراحل میں ہیں، 100 ارب روپے کا پروگرام نوجوانوں کی بہبود کیلئے استعمال کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے اجراء کی تقریب آئندہ ماہ اسلام آباد میں منعقد ہو گی، وزیراعظم عمران خان بطور مہمان خصوصی اس تاریخی پروگرام کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ نوجوان تحریک انصاف کا اثاثہ اور پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، پاکستان ان خوش قسمت ممالک میں سے ایک ہے جس کی آبادی کا ایک بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ اور ہنر مند نوجوانوں کیلئے باعزت روزگار کی فراہمی اور معاشرے میں تعمیری کردار تحریک انصاف کے منشور کا نمایاں حصہ ہے۔ سیف اللہ خان نیازی نے دعا کی کہ کامیاب جوان پروگرام قومی تعمیر کے ایجنڈے میں نوجوانوں کی شرکت کا اہم وسیلہ ثابت ہو۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات