گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور کی وزیر اعلی عثمان بزدارسے ملاقات

سانحہ چونیاں جیسے واقعات کے روک تھا م کیلئے موثر قانون سازی کر نے کا فیصلہ

ہفتہ 21 ستمبر 2019 18:19

گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور کی وزیر اعلی عثمان بزدارسے ملاقات
لاہور۔21 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2019ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور اوروزیر اعلی سردارعثمان بزدار کے در میان ایوان وزیر اعلی میں 1گھنٹہ سے زائد تک ملاقات ہوئی جس میںسانحہ چونیاں جیسے واقعات کے روک تھا م کیلئے موثر قانون سازی کر نے کا فیصلہ کیا گیا،اس موقع پر سانحہ چونیاں،امن وامان،تر قیاتی منصوبوں،پنجاب آب پاک اتھارٹی سمیت دیگر ایشوز پر مشاورت کی گئی۔

گورنر پنجاب نے وزیراعلی عثمان بزدار کو عمرے کی ادائیگی پر مبارکبا د بھی دی،ایوان وزیر اعلی لاہور میں گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور اور وزیر اعلی سردار عثمان بزدار کے در میان ملاقات میں وزیر اعلی پنجاب نے سانحہ چونیاں کے بعد پولیس افسران اور اہلکاروں سمیت دیگر کے خلاف ایکشن اورذمہ داروں کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ در ج کر نے اور صوبے میں عوامی فلاحی وبہبود کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتایا جبکہ اس موقع پر گفتگو کے دوران گور نر پنجاب نے کہا کہ سانحہ چونیاں جیسے واقعات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا ان کی روک تھام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اور پولیس اصلاحات کو بھی یقینی بنایا جائے گا اور ہم سانحہ چونیاں کے متاثرہ خاندان کیساتھ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت کا مشن صرف اور صرف عوام کی خدمت ہیں جس کیلئے تحر یک انصاف کی حکومت کا ہر فرد ملکر کام کر رہا ہے۔ وزیرا علی نے کہا کہ سانحہ چونیاں پر پنجاب حکومت مقتول بچوں کے غمزدہ خاندانوں کو ہر ممکن سپورٹ فراہم کرے گی۔مشتبہ افراد کے ڈی این اے ٹیسٹ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی میں کروائے جا رہے ہیں ملزم قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقدمے میں انسدادد ہشت گردی کی دفعہ شامل کر دی گئی ہے، کیس انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلے گا۔