ْ عالمی یوم قلب، فیصل آبادانسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے زیر اہتمام واک کاانعقاد کیاجائیگا

جمعرات 26 ستمبر 2019 13:51

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2019ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم قلب 29 ستمبر بروزاتوار کو منایاجائیگا۔ ورلڈ ہارٹ ڈے کا اس مرتبہ تھیم یا موضوع ''ایک دنیا ، ایک گھر ، ایک دل''ہے۔اس موقع پر فیصل آبادانسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے زیر اہتمام ایک واک کا بھی انعقاد کیاجائیگاجس کی قیادت ایم ایس ڈاکٹر ظفر عباس خان بلوچ، ڈاکٹر محسن نذیر کھوسہ ، ڈاکٹر زاہد پرویز ، ڈاکٹر فیصل علی، ڈاکٹر شکیل الرحمن اور ڈاکٹر اطہر رئوف رانا کریںگے جبکہ واک میں ڈاکٹرز ، نرسز ، ٹیکنیشنز سمیت سول سوسائٹی کے افرادبھی بڑی تعداد میں شرکت کریں گے ۔

اس موقع پر لاہور ، ملتان اور دیگر بڑے شہروں میںبھی خصوصی واکس کاانعقاد کیاجائیگا تاکہ عوام میں دل کی اہمیت ، اس کو درپیش خطرات ، دل کے بڑھتے ہوئے امراض ، حفاظتی و احتیاطی اقدامات ، بروقت تشخیص ، مناسب علاج وغیرہ کے بارے میں آگاہی پید ا کی جا سکے ۔

(جاری ہے)

فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ماہرین امراض قلب نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ پاکستان کی کل آباد ی کا تیسرا حصہ کولیسٹرول جیسے مسائل کا شکارہے جس کی وجہ سے دل کے امراض میں مبتلا افراد کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ خدشہ ہے کہ اگلے سال 2020ء تک مناسب حفاظتی و تدارکی اقدامات نہ ہونے اور ماہرین طب کے مشوروں پر عمل نہ کرنے کے باعث ڈیڑھ کروڑ افراد دل کے امراض میں مبتلا ہو جائیں گے جس کی سب سے بنیادی وجہ سگریٹ نوشی ہو گی۔ انہوںنے بتایاکہ 1970ء تک دل کے امراض امیر ممالک اور مالدار افراد تک محدود تھے مگر اب معاشی نا ہمواری ، غربت ، ناقص خوراک کی وجہ سے پاکستان میں سب سے زیادہ غریب لو گ اس بیماری میں مبتلا ہو رہے ہیں ۔

انہوں نے بتایاکہ تشویش ناک امر یہ بھی ہے کہ شوگر کی بیماری کی وجہ سے بھی 70 فیصد کے قریب زیابیطس کے مریض دل کے امراض میں مبتلاہو کر موت کے منہ میں جا رہے ہیں جبکہ باقی 30فیصد اموات کی بڑی وجہ گردوں کی خرابی اور دیگر بیماریاں ہیں ۔ انہوںنے بتایاکہ فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی دل کے امراض کے مکمل علاج پر خصوصی توجہ دے رہاہے اور مختلف ٹیسٹوں سمیت تمام معیاری سہولیات مفت بہم پہنچانے کیلئے اقدامات کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔