متحدہ عرب امارات: کمرے کا کرایہ بھرنے کی خاطر رقم چُرانے والا گرفتار

ملزم نے دُوسرے ملزم کو پندرہ سو درہم ادا کرنا تھا، جس کی خاطر اس نے اسے ساتھ ملا کر ایک گھر سے رقم چُرالی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 8 اکتوبر 2019 12:23

متحدہ عرب امارات: کمرے کا کرایہ بھرنے کی خاطر رقم چُرانے والا گرفتار
فجیرہ(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔8 اکتوبر2019ء ) اماراتی ریاست فجیرہ میں ایک غیر مُلکی شخص نے کمرے کا کرایہ بھرنے کی خاطر اپنے ساتھی کو مِلا کر چوری کی واردات کر ڈالی۔ استغاثہ کے مطابق دونوں ملزمان ایک ہی کمرے میں رہائش پذیر تھے۔ پہلے ملزم نے دوسرے کے حصے کا پندرہ سو درہم کا کرایہ اپنی جیب سے ادا کر دیا، اور اس سے اس رقم کا تقاضا کرنے لگا۔

تاہم دوسرے ملزم نے اسے بتایا کہ اس کے حالات ٹھیک نہیں ہے، اس لیے وہ اسے فی الحال چند سو درہم ہی دے گا، باقی رقم کی ادائیگی بعد میں کر دے گا۔ اس بات پر دونوں میں تلخ کلامی بھی ہوئی ۔ اچانک پہلے ملزم نے دوسرے سے کہا کہ وہ اس کے حصے کا باقی کرایہ نہیں لے گا، مگر اسے چوری کی ایک واردات میں اس کی مدد کرنا ہو گی۔ پہلے ملزم نے اُسے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل ایک گھر میں مرمت کا کام کرتا رہا ہے۔

(جاری ہے)

وہیں پر دونوں مِل کر چوری کی واردات کریں گے جس کے مکین اکثر گھر سے باہر رہتے ہیں۔ دُوسرا ملزم اس کی بات سُن کر راضی ہو گیا۔ وقوعہ کے روز رات کے وقت دونوں اس گھر کے باہر پہنچ گئے۔ پہلے والا ملزم گھر کے اندر داخل ہو گیا اور وہاں موجود پندرہ سو ریال کی رقم چُرا لی۔ جبکہ دُوسرا ملزم وہیں کھڑا نگرانی کرتا رہا کہ اگر کوئی اچانک آ جائے تو وہ اسے موبائل فون پر خبردار کر دے۔

رقم چُرانے کے بعد دونوں موقع سے فرار ہو گئے۔ گھر کے مالک نے چوری کی اطلاع فجیرہ پولیس کو دے دی۔ پولیس کی جانب سے گھر کے قریب ہی ایک دُکان پر نصب کلوز سرکٹ ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کی گئی تو اس میں ملزمان کے چہرے واضح طور پر نظر آ گئے۔جس کے بعد ان کا پتا چلا کر انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ استغاثہ کی جانب سے ملزمان پر بغیر اجازت کسی کے گھر میں داخل ہونے اور چوری کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ اس مقدمے کا فیصلہ اگلی سماعت پر سُنایا جائے گا۔