سندھ حکومت کا 14 اکتوبرکو عام تعطیل کا اعلان

شاہ عبدالطیف بھٹائی کے عرس پر سندھ بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 9 اکتوبر 2019 14:31

سندھ حکومت کا 14 اکتوبرکو عام تعطیل کا اعلان
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔09 اکتوبر 2019ء) سندھ حکومت نے 14 اکتوبرکو عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق شاہ عبدالطیف بھٹائی کے عرس پر سندھ حکومت نے 14 اکتوبرکو صوبے بھر میں تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ حکومت سندھ نے عظیم صوفی بزرگ شاہ عبدالطیف بھٹائی کے 276 ویں عرس کے موقع پر 14 اکتوبر سوموار کے روز تعطیل کا اعلان کیا ،جس کے بعد 14 اکتوبر کو صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے ماتحت ادارے اور سرکاری و غیر سرکاری درس گاہیں بند رہیں گی۔

واضح رہے کہ سندھ میں ہر سال 14 صفر کو حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس کی مناسبت سے عام تعطیل ہوتی ہے۔جب کہ دوسری جانب ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی ؒکی276 ویں عرس مبارک کے انتظامات مکمل کرنے کے لئے متعلقہ افسران کو دس دن کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس ضمن میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، درگاہ بھٹ شاہ شہر کے راستوں کی مرمت، تجاوزات کو ہٹانے، صفائی ستھرائی کے بھرپور انتظامات کے ساتھ شہر کی خوبصورتی کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں جائیں تاکہ زائرین کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر مٹیاری غلام حیدر چانڈیو نے کہا کہ عرس مبارک کے انتظامات کے دوران مربوط رابطے کے لئے تمام محکموں کی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں، میں ذاتی طور پر تمام انتظامات کی نگرانی کررہا ہوں، اس ضمن میں کسی بھی قسم کی غفلت کی صورت میں فوری ایکشن لیا جائے گا۔ ایس ایس پی مٹیاری آصف احمد بگھیو نے بتایا کہ22 سو پولیس اہلکاروں کے علاوہ 100 اسپیشل برانچ کے اہلکار، رینجرز کے جوان بھی تعینات کئے جائیں گے جبکہ دنبورا چوک سے آگے گاڑیوں کے داخلے پر پابندی ہوگی، سرکاری گاڑیوں کے علاوہ میڈیا کی گاڑیوں کے لئے خصوصی پاسز جاری کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :