ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جناح سپر کے وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کا دورہ،

چیمبر کے صدر کو مارکیٹ کے مسائل بارے آگاہ کیا

ہفتہ 12 اکتوبر 2019 17:00

ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جناح سپر کے وفد کا اسلام آباد چیمبر آف ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2019ء) ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جناح سپر مارکیٹ کے ایک وفد نے صدر ملک ربنواز کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر محمد احمد وحید، سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان کو اپنی مارکیٹ کے اہم مسائل بارے آگاہ کیا۔

وفد میں ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر اسد عزیز، نائب صدر چوہدری اشرف، جنرل سیکرٹری عبدالرحمٰن صدیقی، جوائنٹ سیکرٹری فصیح اللہ خان، فنانس سیکرٹری ابرار احمد، پریس سیکرٹری عبدالملک اور دیگر شامل تھے۔ فائونڈر گروپ کے چیئرمین زبیر احمد ملک، فیڈریشن کے نائب صدر محمد اعجاز عباسی، ظفر بختاوری، خالد اقبال ملک، پی ٹی آئی ٹریڈرز ونگ اسلام آباد کے صدر چوہدری ندیم گجر ،خالد چوہدری اور دیگر مارکیٹوں کے نمائندگان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ جناح سپر مارکیٹ کا شمار اسلام آباد کے اہم تجارتی مراکز میں ہوتا ہے جہاں ملکی و غیر ملکی گاہکوں کی آمدورفت ہوتی رہتی ہے اس طرح یہ مارکیٹ شہر کا چہرہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے اور ایم سی آئی جناح سپر مارکیٹ کے اہم مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور اس مارکیٹ کو جدید خطوط پر ترقی دینے کیلئے مطلوبہ اقدامات اٹھائیں ۔

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے کروڑوں روپے کی لاگت سے جناح سپر مارکیٹ میں ایک پارکنگ تعمیر کی تھی لیکن ابھی تک اس کو قابل استعمال نہیں بنایا گیا اور نہ ہی اس کی صفائی و سیکورٹی کا کوئی بہتر بندوبست کیا گیا ہے۔ انہوں نے سی ڈی اے پر زور دیا کہ وہ پارکنگ کو جلد آپریشنل بنائے اور اس کیلئے سیکورٹی و صفائی کے انتظامات بھی کرے تا کہ تاجربرادری اس سہولت سے استفادہ حاصل کر سکے۔

انہوں نے آئیسکو سے درخواست کی کہ وہ مذکورہ پارکنگ میں بجلی کی سہولت فراہم کرے۔انہوں نے جناح سپر مارکیٹ کی ایسوسی ایشن کو یقین دہانی کرائی کہ چیمبر ان کی مارکیٹ کے مسائل حل کرانے میں ہر ممکن تعاون کرے گا۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جناح سپر مارکیٹ کے صدر ملک ربنواز اور سیکرٹری جنرل عبدالرحمان صدیقی نے کہا کہ قانون کرایہ داری کی عدم موجودگی میں تا جر برادری عدم تحفظ کا شکار ہے کیونکہ کسی بھی وقت ان کو بے دخل کیا جا سکتا ہے۔

انہوںنے حکومت سے اپیل کی کہ وہ اسلام آباد کیلئے منصفانہ قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل پارلیمنٹ سے پاس کرا کے نافذ کرے۔ انہوں نے کہا کہ جناح سپر مارکیٹ میں پچھلے کئی سالوں سے کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا جس کی وجہ سے تاجروں کو کاروبار چلانے میں مشکلات کا سامنا ہے،مارکیٹ میں فٹ پاتھ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جبکہ سیوریج کا نظام انتہائی پرانا ہو چکا ہے جس کو فوری طور پر تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی مارکیٹ میں ٹرانسفارمر خراب ہوتا ہے تو آئیسکو اس کو بروقت ٹھیک نہیں کرتی جس سے تاجروں کی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے سی ڈی اے، ایم سی آئی اور آئیسکو سے اپیل کی کہ وہ جناح سپر مارکیٹ کے مسائل حل کرنے پر فوری توجہ دیں تا کہ کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے۔