Live Updates

برطانوی شاہی جوڑا پرسوں شب ساڑھے نو بجے پاکستان پہنچے گا

ہفتہ 12 اکتوبر 2019 17:39

برطانوی شاہی جوڑا پرسوں شب ساڑھے نو بجے پاکستان پہنچے گا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2019ء) برطانوی شاہی جوڑا پرسوں شب ساڑھے نو بجے پاکستان پہنچے گا۔ ذرائع کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا بچوں کے بغیر پاکستان کا دورہ کر رہا ہے،برطانوی شاہی جوڑے کے ہمراہ محافظین،اور طبی ماہرین کے علاوہ 40 سے زائد صحافی بھی پاکستان پہنچیں گے۔ ذرائع کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا نور خان ائیر بیس پہنچے گا،پرنس ولیمز اور کیٹ مڈلٹن کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا جائیگا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر،حکام دفتر خارجہ اور برطانوی ہائی کمیشن کے حکام شاہی جوڑے کا استقبال کریں گے ۔ ذرائع نے بتایاکہ نور خان ایئر بیس پر برطانوی شاہی جوڑے کو گارڈ آف آنر پیش کیا جائیگا،منگل کے روز شاہی جوڑے کی صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان ملاقاتیں ہوں گی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق شاہی جوڑا سیکٹر ایف سیون میں ایک خواتین کے کالج کا دورہ کریگا،منگل کے روز ہی شاہی جوڑا ایک غیر سرکاری تنظیم کے توسط سے عوام سے ملاقاتیں کریگا۔

ذرائع کے مطابق دورے کے دوسرے دن کا اختتام شاہی جوڑے کی جانب سے پاکستان مونومینٹ کے دورے پر ہو گا۔ ذرائع کے مطابق دورے کے تیسرے دن شاہی جوڑا لاہور روانہ ہو گا،بدھ کے روز دورہ لاہور کے دوران برطانوی شاہی جوڑا ایس او ایس ولیج، ایچیسن کالج اور شوکت خانم میموریل ہسپتال کا دورہ کریگا۔ ذرائع نے بتایاکہ شاہی جوڑے کا بدھ کے روز ہی بادشاہی مسجد اور مینار پاکستان جانے کا امکان ہے ۔

ذرائع کے مطابق برطانوی شاہی جوڑابدھ کے روز اسلام آباد واپس پہنچے گا۔ذرائع کے مطابق جمعرات کیروز پرنس ولیم اور کیٹ مڈلٹن چترال روانہ ہوں گے،برطانوی شاہی جوڑا چترال میں مقامی افراد سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔ ذرائع کے مطابق جمعرات کو ہی برطانوی شاہی جوڑے کا درہ خیبر اور قلعہ خیبر کا دورہ متوقع ہے،درہ خیبر اور قلعہ خیبر کا دورہ بہتر موسمیاتی حالات سے مشروط ہو گا۔ ذرائع کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا رات کو واپس وفاقی دارلحکومت پہنچے گا،دورکے آخری روز جمعہ کے دن شہزداہ ولیمز اور کیٹ مڈلٹن کا فیصل مسجد کا دورہ متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق جمعرات کے روز دوپہر کے وقت برطانوی شاہی جوڑا برطانیہ واپس روانہ ہو جائیگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات