ضلع وسطی سے اب تک 75 ہزار میٹرک ٹن کچرا اٹھایا گیاہے،اسماعیل راہو

کراچی میں صفائی مہم ختم نہیں ہوگی،صفائی کرنے والے بلدیاتی اداروں کے ساتھ سندھ حکومت مکمل تعاون کرتی رہے گی،صوبائی وزیر زراعت

منگل 15 اکتوبر 2019 17:20

ْکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) صوبائی وزیرزراعت اسماعیل راہو اور وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی راشد ربانی نے ڈی سی ضلع وسطی کے ہمراہ موسیٰ گوٹھ،مجاھد کالونی، نارتھ ناظم آباد کا دورہ کرنے کے دوران کے سی آر ٹریک کے اطراف جاری صفائی مہم کا جائزہ لیا اور میونسپل کمشنر کو تین دن میں کے سی آر ٹریک کو صاف کرنے کا حکم بھی دیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع وسطی جب تک صاف نہیں ہوتا اس وقت تک مہم جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

ضلع وسطی سے اب تک 75 ہزار میٹرک ٹن کچرا اٹھایا گیاہے۔ضلع وسطی میں قبضہ مافیہ کے خلاف اینٹی انکرو چمنٹ کو کارروائی کی ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔کراچی میں صفائی مہم ختم نہیں ہوگی۔صفائی کرنے والے بلدیاتی اداروں کے ساتھ سندھ حکومت مکمل تعاون کرتی رہے گی۔

سندھ حکومت نے سیاست چمکانے کے لیے نہیں بلکہ عوام کی خاطر صفائی مہم شروع کی۔اسماعیل راہو نے کہا کہ میئر کراچی کی بھی ذمہ داری ہے کہ صفائی کروائیں مگر وہ لاپتا ہیں۔میئر کراچی دس دن سے لاپتا ہیں ان کو کراچی کے عوام ڈھونڈ رہے ہیں ،جن کی ذمہ داری تھی ان نفیس لوگوں نے کئی سالوں سے کراچی سے کچرا نہیں اٹھایا۔