یہودیوں کا مذہبی تہوار ،غرب اردن کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج کی بھاری نفری تعینات

فلسطینیوں کے گھروں کی تلاشی، پکڑ دھکڑ بھی شروع کردی گئی

جمعرات 17 اکتوبر 2019 19:02

نابلس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2019ء) یہودیوں کے مذہبی تہوار کی آڑ میں مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔اطلاعات کے مطابق غرب اردن کی شمالی علاقوں میں قابض فوج کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔غرب اردن کے مختلف علاقوں، چوکوں اور دیگر مقامات پر بھاری نفری موجود ہے جس نے فلسطینی علاقوں میں گھس کر تلاشی اور فلسطینیوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

غرب اردن کے شمالی شہر جنین اور نابلس میں اسرائیلی فوجیوں کی بھاری نفری موجود ہے۔ جنین میں برقین، سیلہ الظہر اور حومش یہودی کالونی کے قریب اسرائیلی فوج کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ادھر جنین اور نابلس کوملانے والی مرکزی شاہراہ پر بھی اسرائیلی فوج کے دستے تعینات کیے گئے ہیں۔ یہ تعیناتی ایک ایسے وقت میں عمل میں لائی گئی ہے فلسطین میں یہودی آباد کار مذہبی تہوار منا رہے ہیں۔مذہبی تہوار اسرائیل کے پاس فلسطینی علاقوں میں لاک ڈائون کا سب سے اہم حربہ ہے اوراسرائیل اہم مواقع کو غرب اردن میں فلسطینی علاقوں میں گھس کر کارروائیوں کے لیے استعمال کرتا ہے۔