عمرہ زائرین بس حادثہ میں شدید زخمی ہونے والا بس ڈرائیور بھی جاں بحق

شامی ڈرائیور کنگ فہد ہسپتال میں زیر علاج تھا، تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 18 اکتوبر 2019 15:11

عمرہ زائرین بس حادثہ میں شدید زخمی ہونے والا بس ڈرائیور بھی جاں بحق
مدینہ منورہ (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اکتوبر2019ء) سعودی میڈیا کی جانب سے خبر دی گئی ہے کہ مدینہ منورہ میں بُدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پیش آنے والے بس حادثے میں شدید زخمی ہونے والا بس ڈرائیور بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا ہے۔ بس ڈرائیور کا تعلق مُلک شام سے تھا۔ جو روزگا رکی غرض سے سعودی مملکت میں مقیم تھا۔ واضح رہے کہ عمرہ زائرین کی بس اور ہیوی لوڈر میں تصادم کے نتیجے میں 35 افراد جاں بحق ہوئے تھے اور 4 زخمی ہوئے تھے۔

اس بارے میں یہ تفصیلات سامنے آئی ہیں کہ اس سانحے میں 10 پاکستانی بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔ یہ واقعہ الہجرہ روڈ پر پیش آیا۔حادثے میں زخمی ہونے والے زائرین کا علاج مدینہ منورہ کے کنگ فہد اسپتال میں کیا جا رہا ہے۔گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان اور نائب گورنر شہزادہ سعود بن خالد الفیصل نے الہجرہ روڈ پر پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں زخمیوں کی جمعرات کو عیادت کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور اور ان عزیز و اقارب کوعلاج کے دوران اسپتال میں رہائش کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

(جاری ہے)

قونصلیٹ ذرائع کے مطابق حادثے میں شدید زخمی ہونے والے پاکستانی نے بتایا ہے کہ ہم لوگ عمرے کی ادائیگی اور زیارت مسجد نبوی کے لیے ریاض سے روانہ ہوئے۔ گروپ میں مجھ سمیت 11افرادشامل تھے۔ بدنصیب افراد سعودی عرب میں ہی مقیم تھے اورعمرہ ادائیگی کی غرض سے ریاض سے ہجرہ روڈ کے ذریعے مکہ مکرمہ جا رہے تھے۔ جب اُن کی بس ایک ہیوی لوڈر سے ٹکرانے کے باعث خوفناک حادثے کا شکار ہوئی اور اچانک بھڑکنے والی آگ نے چند لمحوں میں ہی بس اور اس میں سوار تمام مسافروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

حادثے کے نتیجے میں سڑک پہ دور تک بس کے جلتے ہوئے ٹکڑے بکھر گئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی قریبی ہسپتالوں میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کردیا گیا تھا۔گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے اس واقعہ کے اسباب جاننے کے لئے ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کردی ہے۔