وزیراعلیٰ کی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حضرت اما م حسین کے چہلم اور حضرت داتا گنج بخش کے عرس چوکس رہنے کی ہدایت‘فول پروف سکیورٹی انتظامات کویقینی بنایا جائے‘

موجودہ حالات میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں، ملک کو منفی سیاست کی نہیں،استحکام کی ضرورت ہے، سردارعثمان بزدار

جمعہ 18 اکتوبر 2019 21:10

وزیراعلیٰ کی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حضرت اما م حسین کے چہلم ..
لاہور۔18 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت اما م حسین ؓکے چہلم اور حضرت داتا گنج بخش کے عرس کے موقع پرفول پروف سکیورٹی انتظامات کویقینی بنایا جائے اور امن عامہ کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔پر امن فضا برقرار رکھنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور شرپسند عناصرپر کڑی نظر رکھی جائے۔

انہو ں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی اور کام نہیں ہوسکتا۔ موجودہ حالات میں کسی غفلت کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس رہیں اور قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر توانائیاں اور صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں۔

(جاری ہے)

مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر اہم مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے وضع کردہ پلان پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ منتخب نمائندے،انتظامیہ اور پولیس افسران امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے بھر پور کردار ادا کریں۔انہوںنے کہا ہے کہ یہ وقت قوم میں نفاق ڈالنے کا نہیں بلکہ اتفاق اوراتحاد کا ہے۔

حکومت نے ایک برس کے دوران بے پناہ محنت کے ساتھ ملک کو درست سمت کی طرف گامزن کردیا ہے۔موجودہ حالات میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔پاکستان کے عوام صرف ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں لیکن کچھ عناصر نہیں چاہتے کہ پاکستان آگے بڑھے اورترقی کی راہ پر گامزن ہو۔انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت منفی سیاست کی نہیں بلکہ استحکام کی ضرورت ہے۔پاکستان کے عوام نے تحریک انصاف کی حکومت کو پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے۔مثبت سوچ اورقومی مفادات کو مقدم رکھنے کی ذمہ داری ہم سب کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے کبھی بھی ذاتی مفادات کی سیاست نہیں کی۔ہماری حکومت نے ہمیشہ ملک و قوم کے مفادات کو ترجیح دی ہے۔