امریکہ نے یورپی مصنوعات پر بھاری ٹیکس نافذ کردیا

امریکا بڑے تجارتی عدم توازن کی وجہ سے یورپ کیساتھ تجارتی جنگ ہارنہیں سکتا،ڈونلڈ ٹرمپ

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 00:06

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2019ء) امریکہ نے یورپ سے درآمد شدہ اشیاء پر ریکارڈ ٹیرف عائد کردیا گیا ہے۔نئے ٹیرف کے تحت یورپی یونین کی منتخب مصنوعات پر 10 سے 25 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا۔تجارتی امور کی عالمی تنظیم ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈبلیو ٹی او) نے گزشتہ ماہ ٹیرف عائد کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ یورپی یونین کی جانب سے غیر قانونی ترجیحی سلوک پر ٹیرف عائدکرسکتا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ امریکا بڑے تجارتی عدم توازن کی وجہ سے یورپ کے ساتھ تجارتی جنگ ہار نہیں سکتا، وہ اس صورتحال کا بڑی آسانی سے حل نکال سکتے ہیں۔امریکی حکومت کے اس فیصلے کو یورپی یونین اور امریکہ کے درمیان جاری 15 سالہ معاشی جنگ کا نتیجہ قرار دیا جارہا ہے۔دوسری جانب یورپی یونین نے کہا ہے کہ اگر امریکہ کی جانب سے یہ قدم اٹھایا گیا تو جواب میں یورپی ممالک کے پاس بھی ایسے ہی ردعمل کے علاوہ کوئی اور جواز نہیں ہوگا۔