رانا ثنا اللہ کے کیس میں گواہوں کی جان کو خطرہ خود حکومت سے ہے ‘ طلال چوہدری

گواہ جھوٹی گواہی دینے کو تیار نہیں ہیں ، انہوں نے جان اللہ کو دینی ہے‘ رہنما (ن) لیگ

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 22:28

رانا ثنا اللہ کے کیس میں گواہوں کی جان کو خطرہ خود حکومت سے ہے ‘ طلال ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ شہریار آفریدی جھوٹی پریس کانفرنس کرنا چھوڑ دیں کیونکہ آپ نے اللہ کوجان دینی ہے ،رانا ثنا اللہ کے کیس میں گواہوں کی جان کو خطرہ خود حکومت سے ہے کیونکہ وہ جھوٹی گواہی دینے کو تیار نہیں ہیں کیونکہ انہوں نے جان اللہ کو دینی ہے ۔

شہریار آفریدی کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 115دن دن گزرنے کے بعد رانا ثنا اللہ کا الزام 21کلو گرام ہیروئن سے چار کرکے کے پلاٹ پر آ گیا ہے ،شہریار آفریدی آپ پریس کانفرنس میں بھی رانا ثنااللہ کے خلاف ثبوتوں والی ویڈیو نہیں پیش کر سکے ۔شہریار آفریدی واٹس اپ پرپہلے جج تبدیل ہوااور اب کوئی بھی جج آپ کی جھوٹے مقدمے کا جج بننے کو تیار نہیں ،دودرجن گواہان میں سے ایک بھی گواہ آج تک عدالت میں پیش نہیں ہو سکا۔

(جاری ہے)

21 کلوہیروئن سے شروع ہوکر بات اب رانا ثنااللہ کے آمدن سے زائد اثاثوں تک پہنچ گئی ہے ۔رانا ثنااللہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن)خود مطالبہ کررہی ہے کہ جھوٹے مقدمے کا روزانہ بنیاد پر ٹرائل کیاجائے ،مسلم لیگ کا مطالبہ ہے کہ اے این ایف کا روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل ہونا چاہیے جو رانا ثناااللہ کے خلاف آج تک ایک بھی ثبوت نہیں پیش کر سکا ،اس بھونڈے اورمضحکہ خیز الزام پر ہی جھوٹے وزیراور اے این ایف کے تفتیشی کو مستعفی ہوجانا چاہیے۔