نواز شریف اپنے ہی ڈاکٹر کی دی گئی دوائیوں کی وجہ سے بیمار ہوئے

نواز شریف کو زہر دئے جانے کے حوالے سے پراپیگنڈہ کیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 22 اکتوبر 2019 12:11

نواز شریف اپنے ہی ڈاکٹر کی دی گئی دوائیوں کی وجہ سے بیمار ہوئے
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 اکتوبر 2019ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف اس وقت سروسز اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ نواز شریف کو گذشتہ رات طبیعت خرابی کی وجہ سے نیب لاہور آفس سے سروسز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ نواز شریف کو اسپتال داخل کیے جانے کے بعد کیپٹن(ر) صفدر اور حسین نواز نے انہیں زہر دئے جانے کے خدشے کا اظہار کیا ۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو ڈینگی نہیں ہے، انہیں مچھر نے نہیں کاٹا، نواز شریف کو زہر دئے جانے کے حوالہ سے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے لیکن اس بات میں کسی قسم کی صداقت نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اپنے ہی ڈاکٹر کی دی گئی دوائیوں کی وجہ سے بیمار ہوئے ہیں۔ سروسزاسپتال میں نوازشریف کے چیک اپ کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا تھا ، جس کی سربراہی پرنسپل سمز پروفیسرمحمود ایاز کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

نواز شریف کی طبیعت خرابی پر خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ انہیں ڈینگی کا مرض لاحق ہو گیا ہے لیکن نواز شریف کی رپورٹس آنے کے بعد یہ خطرہ ٹل گیا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کے کیے گئے ڈینگی ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی تھی۔ جس کے بعد ڈاکٹرز نے بتایا تھا کہ پلیٹ لیٹس کاؤنٹ ادویات کے استعمال کے باعث کم ہوا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف سروسز اسپتال میں زیر علاج ہیں جس پر سروسز اسپتال کا وی آئی پی کمرہ نیب کا سب جیل قرار دے دیا گیا ہے۔

جبکہ اسپتال کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ اور سابق وزیراعظم کے اسپتال میں داخل رہنے تک نیب اور پولیس اہلکار موجود رہیں گے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف سے ڈاکٹرز کے سوا کسی کو ملاقات کی اجازت نہیں ہے۔ نواز شریف کے طبی معائنے اور علاج کے لیے تشکیل دئے جانے والے میڈیکل بورڈ میں ماہر سرجن، میڈیسن، شوگر،انفیکشن ڈیزیز اور پتھالوجسٹ شامل ہیں۔ پرنسپل سمز میڈیکل کالج پروفیسر محمود ایاز کو میڈیکل بورڈ کے سربراہ مقررکیا گیا۔ بورڈ میں ڈاکٹر کامران خالد، ڈاکٹرعارف ندیم، ڈاکٹرفائزہ بشیر،ڈاکٹرثوبیہ قاضی اورڈاکٹر خدیجہ شامل ہیں۔