سیکنڈ الیون نیشنل ٹی ٹونٹی کپ ، سنٹرل پنجاب اورناردرن کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچز جیت کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی

محمد سعد اور نعمان انور کی نصف سنچریوں نے سنٹرل پنجاب کو 6 وکٹوں سے کامیابی دلادی، ناردر ن کے اسپنرز کے سامنے بلوچستان کی ناکام بیٹنگ لائن اپ شکست کی وجہ بنی

منگل 22 اکتوبر 2019 18:46

سیکنڈ الیون نیشنل ٹی ٹونٹی کپ ، سنٹرل پنجاب اورناردرن کی ٹیموں نے اپنے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر2019ء) نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری سیکنڈ الیون نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں منگل کے روز کھیلے جانے والے پہلے میچ میں سنٹرل پنجاب نے خیبرپختونخواکو6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ میچ میں خیبرپختونخوا کے کپتان آصف آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیاجو سودمند ثابت نہ ہوسکا اورمحض 59 رنز پر آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ گئی۔

5 کھلاڑی آوٴٹ ہونے کے بعدآلراوٴنڈر اسد آفریدی نے 25 گیندوں پر 43 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کامجموعہ 148 تک پہنچانے میں مدد دی۔خیبر پختونخوا نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے۔سنٹرل پنجاب کی جانب سے احسان عادل نے 3 جبکہ بلاول اقبال اور رضا علی ڈار نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی را ہ دکھائی۔

(جاری ہے)

جواب میں 11 رنز پرپہلی وکٹ گرنے کے بعدسنٹرل پنجاب کی جانب سے محمد سعد اور نعمان انور کے درمیان 72 رنز کی شراکت نے جیت کی بنیاد رکھ دی۔

محمد سعد نے35 گیندوں پر4چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 59 رنز کی اننگز کھیلی۔ اوپنر نعمان انور نے 50 رنز بنائے۔ سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 16.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ خیبرپختونخوا کی جانب سے ثمین گل نے 2جبکہ خالد عثمان اور آصف آفریدی نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں ناردرن نے بلوچستان کو بآسانی 5وکٹوں کے بھاری مارجن سے شکست کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

اس سے قبل بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 96 رنز پر 8 کھلاڑی آوٴٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ نویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے نظر حسین نے 19 گیندوں پر ناقابل شکست 39 رنز بنا کر ٹیم کا مجموعہ 147 تک پہنچادیا۔ آٹھویں وکٹ کے لیے نظر حسین اور داوٴد خان میں 51 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ داوٴد خان نے محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے 13 رنز بنائے۔

بلوچستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔ ناردرن کی جانب سے اسپنر ز نعمان علی اور رضا حسن نے 2،2 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔جواب میں ناردرن کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 17اوورز میں حاصل کرلیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے ذیشان ملک اور شعیب احمد منہاس نے دوسری وکٹ کے لیے 60 رنز کی شراکت قائم کرکے میچ میں ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم کردی۔

دونوں بلے بازوں نے 37،37 رنز کی اننگز کھیلیں۔ ناردرن کی جانب سے نظر حسین نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ایونٹ میں سیمی فائنل میچز بدھ کے روز کھیلے جائیں گے جہاں پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر براجمان سدرن پنجاب کی ٹیم سنٹرل پنجاب کے مدمقابل آئے گی۔ ناردرن اور سندھ کے درمیان دوسرا سیمی فائنل بھی 23 اکتوبر کو ہی کھیلا جائے گا۔ دونوں میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔