دلبرداشتہ سرفراز کے سندھ کی قیادت بھی چھوڑنے کا امکان

سابق کپتان کا بیٹنگ پریکٹس کےلئے مزید ایک ہفتہ فیصل آباد میں قیام کا فیصلہ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 23 اکتوبر 2019 17:20

دلبرداشتہ سرفراز کے سندھ کی قیادت بھی چھوڑنے کا امکان
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اکتوبر2019ء) کپتانی سے نکالے جانے اور قومی ٹیم سے ڈراپ ہونے کے بعد دلبرداشتہ سرفراز احمد فی الحال میڈیا اور ٹی وی کیمروں سے دور ہوٹل کے کمرے میں زیادہ وقت گذار رہے ہیں لیکن وہ بیٹنگ فارم کے حصول کےلئے سخت ٹریننگ اور بھرپورپریکٹس کررہے ہیں۔ سرفراز احمد کی ٹیم سندھ قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں پانچ میں سے تین میچ ہارکر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی ہے اورقومی امکان ہے کہ سرفراز احمد قائد اعظم ٹرافی میں بھی کپتانی نہیں کریں گے اور اگلے راﺅنڈ میں بھی یہ ذمہ داری اسد شفیق ہی نبھائیں گے۔

ذرائع کے مطابق وکٹ کیپر بیٹسمین کراچی نہیں آئیں گے کیوں کہ انہوں نے اپنی بیٹنگ پریکٹس پر فوکس کرتے ہوئے مزید ایک ہفتہ فیصل آباد میں قیام کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

سلیکٹرز کے فیصلوں سے اپ سیٹ سرفراز احمد نے فیصل آباد میں قیام کرتے ہوئے اپنی بیٹنگ پریکٹس جاری رکھی ہوئی ہے تاکہ وہ ایک ہفتے بعد بھرپور انداز میں قائد اعظم ٹرافی میں حصہ لے سکیں۔

وکٹ کیپر و بیٹسمین سرفراز احمد کپتانی سے ہٹائے جانے کے بعد عام کھلاڑی کی حیثیت سے بھی پاکستان کی ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعے کے روز سرفراز احمد کو ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی ٹیموں کی قیادت سے ہٹانے کا اعلان کیا تھا۔سرفراز احمد کو انٹرنیشنل کرکٹ سے باہر کرنے کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے یہ موقف اختیار کیا تھا کہ پچھلے کچھ عرصے سے انکی کارکردگی اور اعتماد دونوں متاثر ہوئے تھے۔