بھارتی کرکٹ ٹیم کو دہشت گردی کا خطرہ،سکیورٹی میں اضافہ

آل انڈیا لشکر کی طرف سے بھیجے گئے خط میں بھارتی ٹیم کو نشانہ بنانے کی دھمکی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 29 اکتوبر 2019 15:42

بھارتی کرکٹ ٹیم کو دہشت گردی کا خطرہ،سکیورٹی میں اضافہ
نئی دہلی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29اکتوبر2019ء) بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے)کو ایک خط ملا ہے جو ایک غیر معروف تنظیم آل انڈیا لشکر کی طرف سے بھیجا گیا ہے۔ خط میں بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو خاص طور پر جبکہ پوری ٹیم کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی ہے۔ این آئی اے کی جانب سے نشاندہی کے بعد دلی پولیس نے بھارتی کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی میں اضافہ کردیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق دھمکی آمیز خط میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، صدر رام ناتھ کووند، وزیرداخلہ امیت شاہ، بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما لال کرشنا ایڈوانی، بی جے پی کے صدر جے پی ناڈا اور آر ایس ایس کے چیف موہن بھاگوت کو نشانہ بنانے کی بھی دھمکی دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کی جانب سے اس خط کی ایک کاپی بی سی سی آئی کو بھی ارسال کردی گئی ہے۔

این آئی اے کے مطابق یہ خط کسی آل انڈیا لشکر نامی تنظیم کی طرف سے بھیجا گیا ہے۔ جس کے بعد بھارتی ٹیم کی سکیورٹی بڑھادی گئی ہے۔ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی 20 میچوں کی سیریز اتوار کے روز سے شروع ہورہی ہے جس کا پہلا میچ ارون جیٹلی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔