وزیر اعظم پاکستان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت گندم کی پیداوار میں اضافہ کے لیے گندم کے سبسڈائزڈ بیج تقسیم ملک میں زرعی انقلاب آئے گا

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 4 نومبر 2019 18:23

جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 نومبر2019ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) وزیر اعظم پاکستان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت گندم کی پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے سلسلہ میں محکمہ زراعت (توسیع) سوہاوہ نے ایک تقریب میں گندم کا سبسڈائزڈ بیج تقسیم کیے ۔ تقریب کے مہمان خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی راجہ یاور کمال تھے ۔اس مو قع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) سید شاہد افتخار بخاری نے کاشتکاروں کو گندم کی پیدا واری ٹیکنالوجی کے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا ۔

انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کی کسان دوست پالیسیوں کے تحت گندم اور مختلف کھادوں پر حکومت کی جانب سے سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے ،زائد نرخوں پر فروخت کرنے اور جعلی کھاد کی روک تھام کے لئے آپریشن جاری ہے شکایات کی صورت میں دفتر ڈپٹی ڈائریکٹر زاعت جہلم سے رجوع کیا جا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

ممبر صوبائی اسمبلی راجہ یاور کمال نے کسانوں سے مخاطب ہو کر کہا ہے کہ موجودہ حکومت شعبہ زراعت میں کسانوں کے لئے متعدد سہولیات فراہم کر رہی ہے جس میں کسانوں کو بلا سود قرضہ فراہم کرنا،کسانوں کے تربیتی پروگرام اورکم نرخوں پر کھاد کی فراہمی کو یقینی بنانا شامل ہیں ۔

اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی راجہ یاور کمال نے کسانوں میں گندم کا سبسڈائزڈ بیج تقسیم کیے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) جہلم سید شاہد افتخار بخاری صاحب نے آنے والے سب مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر راجہ یاسر کمال ، چوہدری محمد سعید، چوہدری مسرت نوازاوراسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (واٹر مینجمنٹ )سوہاوہ عامر جمیل کے علاوہ تحصیل سوہاوہ کے کاشکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔