کاشتکاروں کو فصلات کو کیڑوں و بیماریوں سے بچانے کیلئے سفار ش کردہ زہروں کے مناسب استعمال کی ہدایت

جمعرات 7 نومبر 2019 15:17

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 نومبر2019ء) کاشتکاروں کو گندم ، کپاس ، مکئی ، چاول ، گنے کی فصلات کو کیڑوں و بیماریوں سے بچانے کیلئے سفار ش کردہ زہروں کے مناسب استعمال کی ہدایت کر دی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ چونکہ مختلف اقسام کے کیڑے اور بیماریاں حملہ آور ہو کر ان قیمتی فصلات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچاتی ہیں لہٰذا کاشتکار ا س ضمن میں کسی غفلت یاکوتاہی کامظاہرہ نہ کریں اور محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے بروقت سفارش کردہ زہروںکا سپرے یقینی بنائیں تاکہ بعد ازاں انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرناپڑے۔

ماہرین زراعت نے کہاکہ کاشتکاروں کو منتخب کردہ زہروں کے طریقہ عمل اور فارمولیشن سے بھی آگاہی ہونی چاہیے کیونکہ رس چوسنے یا کُتر کر کھانے والے کیڑوں کے لیے مختلف طرز عمل کی زہریں استعمال ہوتی ہیں نیزکاشتکاروں کو زرعی زہریں استعمال کرنے سے پہلے کیڑے کی معاشی حد بھی معلوم ہونی چاہیے اور یہ بھی علم ہونا چاہیے کہ کیڑے کی زندگی کا کونسا دورانیہ چل رہا ہے اور کس دورانیے پر سپرے کرنے سے اثر زیادہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کاشتکار سپرے کرنے سے پہلے مشین کو اچھی طرح صاف کرلیں تاکہ مشین کے اندر پہلے سے استعمال کی گئی زہروں کا اثر ختم ہو جائے اورفصلوں پر زہروں کا سپرے ہمیشہ صبح یاشام کے وقت کرناچاہیے کیونکہ سخت گرمی میں دوپہر کو سپرے کرنا زیادہ موثر ثابت نہیں ہوتا اِس کے علاوہ سپرے کرنے والے پرزہر کے زہریلے اثرات ہونے کا خدشہ بھی زیادہ ہوتاہے۔انہوںنے کہاکہ فصلات پر زہروں کا سپرے مناسب طور پر کرنے کیلئے صحیح مشین اور نوزل استعمال کی جائے تاکہ زہر پاشی سے مطلوبہ نتائج حاصل ہو سکیں۔علاوہ ازیں سپرے پمپ کی پھوار مناسب ہو اور اچھی طرح پودوں پرپھیل سکے۔انہوںنے مزید کہاکہ کاشتکار نباتات کٴْش ادویات کا صرف اسی فصل پر سپرے کریں جس کیلئے سفارش کی گئی ہو۔

متعلقہ عنوان :