ہمیں مسجد کیلئے 5ایکڑ زمین کی خیرات کی ضرورت نہیں، صدر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین

بھارت کا مسلمان اتنا گیا گزرا نہیں کہ وہ مسجد کی تعمیر کیلئے 5 ایکڑ زمین نہ خرید سکے، اسد الدین اویسی

ہفتہ 9 نومبر 2019 17:35

ہمیں مسجد کیلئے 5ایکڑ زمین کی خیرات کی ضرورت نہیں، صدر آل انڈیا مجلس ..
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2019ء) صدر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین اسدالدین اویسی نے بابری مسجد مقدمے سے متعلق فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں مسجد کیلئے 5ایکڑ زمین کی خیرات کی ضرورت نہیں ہے۔ایک بیان میں اسدالدین اویسی نے کہا کہ بھارت کا مسلمان اتنا گیا گزرا نہیں کہ وہ مسجد کی تعمیر کیلئے 5 ایکڑ زمین نہ خرید سکے، ہمیں کسی سے بھیک کی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم پرسنل لا بورڈ کو چاہیے کہ مسجد کیلئے پانچ ایکڑ کی زمین نہ لے کیونکہ وہ بھی بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے سے مطمئن نہیں ہے۔صدر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے کہاکہ بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے سے حقائق پر عقیدے کی جیت ہوئی ہے جس سے ہمیں تکلیف پہنچی ہے اور ہم مطمئن نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

انصاف انصاف ہوتا ہے عدالتوں کے فیصلے بھائی چارگی کے لیے نہیں ہوتے۔

اسدالدین اویسی نے کہا کہ بھارت کو ہندو ریاست بنانے کے عمل کا آغاز ایودھیا سے ہونے جارہا ہے۔صدر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے کہا کہ ہماری ساری لڑائی قانونی اور اپنے حق کے لیے تھی، پانچ ایکڑ زمین کیلئے نہیں۔انہوں نے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ لڑائی رکے گی نہیں، ڈر اس بات کا ہے کہ سنگھ پریوار مزید مساجد پر دعویٰ کرے گا، 6 دسمبر 1992 کو انہوں نے ہی پانچ سو سال پرانی مسجد کو شہید کیا تھا۔