نواز شریف کو بیرونِ ملک جانے سے روکا جائے ، لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی

نواز شریف کو بیمار قیدیوں کے برعکس علاج کے لئے بیرون ملک بھجوانا امتیازی سلوک ہے، وہ حسین حقانی کی طرح بیرون ملک جا کر واپس نہیں آئیں گے۔ درخواستگزار کا مؤقف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 11 نومبر 2019 13:58

نواز شریف کو بیرونِ ملک جانے سے روکا جائے ، لاہور ہائیکورٹ میں درخواست ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 نومبر 2019ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نواز شریف کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے درخواست درخواست بیرسٹر جاوید اقبال جعفری نے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی۔درخواستگزار نے مؤقف اپنایا کہ نواز شریف منی لانڈرنگ میں ملوث رہے ہیں اور ان کے خلاف متعدد مقدمات زیر التواء ہیں۔

درخواست میں کہا گیا کہ سابق وزیراعظم کو بیمار قیدیوں کے برعکس علاج کے لیے بیرون ملک بھجوانا امتیازی سلوک ہے، وہ حسین حقانی کی طرح بیرون ملک جا کر واپس نہیں آئیں گے۔ نواز شریف نے منی لانڈرنگ کے ذریعے قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا اور ایمل کانسی کو امریکہ کے سپرد کرنے میں ملوث رہے۔

(جاری ہے)

درخواستگزار نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف غیر قانونی طور پر ملکہ برطانیہ سے سر کا خطاب بھی لیا، اس حوالے اور منی لانڈرنگ کے خلاف کیس کے حوالے سے درخواستیں لاہور ہائیکورٹ میں زیرالتواء ہیں۔

درخواستگزار نے استدعا کی کہ نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت درخواست کے فیصلے سے مشروط کی جائے اور عدالتی فیصلہ آنے تک سابق وزیراعظم کو بیرون ملک جانے سے روکنے کا حکم دیا جائے۔ خیال رہے کہ 29 اکتوبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے طبی بنیادوں پر سابق وزیراعظم نواز شریف کی 8 ہفتوں کی ضمانت منظور کی اور انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

6 نومبر کو سابق وزیراعظم نواز شریف سروسز اسپتال سے اپنی رہائشگاہ جاتی امرا منتقل ہوئے۔ نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت بھی دی گئی تھی لیکن ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ہونے کی وجہ سے تاحال نواز شریف بیرون ملک روانہ نہیں ہو سکے۔ آج صبح بھی سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ہونے کی وجہ سے ان کی ٹکٹس منسوخ ہو گئی تھیں۔