پاک بحریہ ،پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی اور اینٹی نارکوٹکس فورس کے مشترکہ آپریشن میں بڑی مقدار میں منشیات برآمد کر لی گئی

پاک بحریہ ،پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی، اینٹی نارکوٹکس فورس نے مشترکہ طور پر بلوچستان کے علاقے جیونی کے قریب پشو کان میں انسداد منشیات آپریشن کے دوران 241 کلو گرام ہیروئن اور 2 کلو گرام حشیش برآمد کرلی

منگل 12 نومبر 2019 18:19

پاک بحریہ ،پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی اور اینٹی نارکوٹکس فورس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 نومبر2019ء) پاک بحریہ ،پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی، اینٹی نارکوٹکس فورس نے مشترکہ طور پر بلوچستان کے علاقے جیونی کے قریب پشو کان میں انسداد منشیات آپریشن کے دوران 241 کلو گرام ہیروئن اور 2 کلو گرام حشیش برآمد کرلی۔ منشیات ایک مشکوک سپیڈ بوٹ میں سوارمشتبہ اسمگلرزسے برآمد کی گئی جنہیں پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے اہلکاروں نے آپریشن کے دوران گرفتارکیا۔


برآمد کی گئی منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت تقریبا 2410 ملین پاکستانی روپے ہے۔ برآمد کی گئی منشیات مزید قانونی کارروائی کے لئے اینٹی نارکوٹس فورس کے حوالے کر دی گئی ہیں.
انسداد منشیات کے مسلسل کامیاب آپریشنز اور کروڑوں روپے مالیت کی منشیات کی برآمدگی پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کی بہترین منصوبہ بندی اور سمندری علاقوں کی مستقل نگرانی کا نتیجہ ہے۔

(جاری ہے)

ساحلی اور دیگر سمندری علاقوں میں امن و امان کا قیام اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام میں پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کا وسیع بحری بیڑہ ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستان بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی مستقبل میں بھی سمندری اور اس سے منسلک ساحلی علاقوں میں قومی اور بین الاقوامی مفادات کا تحفظ اور قانون کا مکمل نفاذ یقینی بناتی رہے گی۔