پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز کے زیر اہتمام ورلڈ فیشن کنونشن کا انعقاد

عالمی مالیاتی رپورٹ کے مطابق پاکستانی معیشت درست سمت میں گامزن ہے‘گارمنٹس کی صنعت ملکی معیشت کی بہتری کیلئے اہم کردار ادا کررہی ہے‘ چین کے ساتھ ایف ٹی اے معاہدہ دسمبر سے لاگو ہو جائے گا جس سے اپیریل کی صنعت کو مزید ترقی ملے گی ‘حکومت صنعتی ترقی کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائودکاورلڈ فیشن کنونشن سے خطاب

بدھ 13 نومبر 2019 00:07

پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز کے زیر اہتمام ورلڈ فیشن کنونشن ..
لاہور۔12 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2019ء) وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ کے مطابق پاکستانی معیشت درست سمت میں گامزن ہے اورتجارتی خسارہ بھی بتدریج کم ہو رہا ہے،ورلڈ بنک کی ریٹنگ میں پاکستان کی بہتری ہوئی ہے، ہماری گارمنٹس کی صنعت میں بہت پوٹینشل ہے ،اپیریل کی صنعت کی برآمد میں 17فیصد اضافہ ہوا ہے،پاکستان کی کاروباری برادری ملکی معیشت کی بہتری کے لئے اپنا حصہ ڈال رہی ہے۔

ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اور انٹرنیشنل اپیریل فیڈریشن کے زیر اہتمام 35ویں ورلڈ فیشن کنونشن سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پریگمیا کے چیف کوارڈی نیٹر اعجاز کھوکھر، آئی اے ایف کے صدر ہان بیکیک، وفاقی سیکرٹری تجارت احمد نواز سکھیرا سمیت ملکی اور غیر ملکی مندوبین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

عبد الرزاق دائود نے کہا کہ چین کے ساتھ ہونے والا ایف ٹی اے معاہدہ دسمبر سے لاگو ہو جائے گا، اس معاہدے سے اپیریل کی صنعت کو مزید ترقی ملے گی، ہماری گارمنٹس کی صنعت میں ترقی کی بہت صلاحیت ہے، عالمی سطح پر ہمارے ملبوسات کی بڑی مانگ ہے اسی لیے ہم اس صنعت کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ گارمنٹس پر ہم زیادہ سے زیادہ توجہ اس لیے دے رہے ہیں تاکہ برآمدات میں اضافہ ہو سکے‘یارن اور کورے کپڑے کی برآمدات میں کمی اچھی بات ہے کیونکہ اس سے ویلیو ایڈیشن گارمنٹس کی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔

انہوںنے کہا کہ یہاں مغربی دنیا سے بہت سے سرمایہ کار آئے ہیں جو پاکستان کے عالمی برانڈز کی برآمدات میں اضافے کے خواہشمند ہیں۔انہوںنے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف کے پروگرام میں ہے ،آئی ایم ایف کی ٹیم نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں جا رہی ہے اور اب تجارتی خسارے بھی بتدریج کم ہو رہا ہے،آئندہ سال جون میں تجارتی خسارے مزید کم ہو جائے گا۔

انہوںنے کہا کہ ملکی سرمایہ کاروں کو کہتا ہوں کہ پاکستان میں سرمایہ کاری لائیں یہی موقع ہے اور اس موقع سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے،اس کنونشن سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان کی عالمی سطح پر صورتحال بہتر ہوئی ہے۔اعجاز کھوکھرنے کہا کہ کنونشن میں 90فیصد لوگ ایسے ہیں جو پہلی مرتبہ پاکستان آئے ہیں اور وہ پاکستان اور لاہور کو دیکھ کر مطمئن اور خوش ہیں-پاکستان کے پینتیس عالمی برانڈز عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں،پاکستان کی گار منٹس کی صنعت تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور عالمی سطح پر اس صنعت کو سراہا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی مندوبین کو لاہور کا دورہ کرنا چاہیے تاکہ انہیں لاہور کی ثقافت اور خوبصورتی کے بارے آگاہی مل سکے۔ہان بیکیک نے کہا کہ پاکستان کی اپیریل کی صنعت دنیا بھر مانی جاتی ہے،خاص طور پر پاکستان کا ڈینم برانڈ دنیا بھر میں مشہور ہے،آئی اے ایف پاکستان کی اپیریل کی صنعت کو ترقی دینے کیلئے پریگمیا کے ساتھ ہے۔