Live Updates

نواز شریف کے معاملے میں ڈیل اور ڈھیل دینے کا تاثر درست نہیں، جمشید اقبال چیمہ

بدھ 13 نومبر 2019 14:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کیلئے سخت اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، نواز شریف کے معاملے میں ڈیل اور ڈھیل دینے کا تاثر درست نہیں ان کے خلاف تمام کیسز اور سزائیں برقرار ہیں۔ حلقہ این اے 127کے دفتر میں پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کیلئے سختی سے ہدایات جاری کی ہیں اور اس کیلئے متعلقہ محکمے متحرک ہو گئے ہیں۔

محکمہ انڈسٹریز کی کوششوںسے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 10سے 20روپے فی کلو کمی کی گئی ہے ۔ انشااللہ آنے والے دنوں میں عوام کو بھرپور ریلیف دیا جائیگا۔

(جاری ہے)

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکومت نے نواز شریف کے بیرون ملک علاج میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی بلکہ ضابطے کی کارروائی مکمل کی گئی ،حکومت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اجازت دی ، نواز شریف کے خلاف کیسز اور سزائیں بر قرار ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ اگر پاکستان کو اس کی منزل پر لے جانا ہے تو احتساب کے جاری عمل میں کوئی تعطل نہیں آنا چاہیے بصورت دیگرہم مزید کئی دہائیاں ایسے ہی بھٹکتے رہیں گے جس کا پاکستان ہرگز متحمل نہیں ہو سکتا۔ جمشید اقبال چیمہ نے حلقہ کے مسائل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیااوریقین دہانی کرائی کہ اس سلسلہ میں متعلقہ محکموں سے رابطہ کر کے انہیں حل کرایا جائیگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات