مقامی مارکیٹوں میں سبزیوں کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے پر قابو پانے کے لیے متبادل ذرائع تلاش کرنے کا فیصلہ

گزشتہ ماہ ہونے والی موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے خطے میں ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ ، ایران سے ٹماٹر در آمد کر نے پر بھی غور

بدھ 13 نومبر 2019 14:32

مقامی مارکیٹوں میں سبزیوں کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے پر قابو پانے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2019ء) حکومت نے مقامی مارکیٹوں میں سبزیوں کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے پر قابو پانے کے لیے متبادل ذرائع تلاش کرنے کا فیصلہ کرلیا، جس میں ایران سے ٹماٹر درآمد کرنے پر بھی غور شروع کر دیا گیا گزشتہ ماہ ہونے والی موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے خطے میں ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

پاکستان کے ادارہ شماریات کے مطابق ٹماٹر کی اوسطاً قیمت 180 روپے فی کلو ہے لیکن یہ ملک کے متعدد علاقوں میں 300 روپے فی کلو تک فروخت ہورہا ہے۔صورتحال قابو سے باہر ہونے پر وزارت تحفظ خوراک اسلام آباد میں درآمد کنندگان کے ساتھ بات کر کے ہمسایہ ممالک سے ٹماٹروں کی درآمدات میں تیزی لائی جائے گی ۔اس حوالے سے وفاقی سیکریٹری برائے تحفظ خوراک محمد ہاشم پوپلزئی نے بتایا کہ ہم ایران سے ٹماٹر درآمد کرنے کی اجازت دینے پر غور کریں گے، اس سلسلے میں کچھ درآمد کنندگان کے ساتھ ملاقات کر کے اس کا فیصلہ کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

ایک اندازے کے مطابق سندھ سے ٹماٹروں اور پیاز کی نئی فصل 2 سے 3 ہفتوں میں منڈیوں تک پہنچ جائے گی، اس دوران ایران سے حاصل ہونے والی درآمدات کسی حد تک اس خلا کو پر کرنے میں مدد دے گی۔دوسری جانب وزارت تجارت سے ملک کا درآمدی بل کم کرنے کے لیے تقریباً ہر قسم کی سبزی پر کوالٹی اسٹینڈرڈ کے مطابق نان ٹیرف اقدامات متعارف کروادئیے ہیں۔

متعلقہ عنوان :