پاکستان کیوبا کے مابین تجارت ، اقتصادی تعاون کے فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ،سلیم مانڈوی والا

پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول سازگار ہے ،کاروبای و تجارتی وفود کے تبادلوں کے ذریعے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری سے استفادہ کیا جائے، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی کیوبا کے سفیر سے گفتگو

بدھ 13 نومبر 2019 19:00

پاکستان کیوبا کے مابین تجارت ، اقتصادی تعاون کے فروغ دینا وقت کی اہم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2019ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ سیاسی سطح پر پاکستان اور کیوبا کے دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون دونوں اطراف کی عوام کی خوشحالی کا باعث ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں کیوبا کے سفیر گیبریل ٹائل کیپوٹے سے ملاقات کے دوران کیا ۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین موجودہ تجارتی تعلقات کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول سازگار ہے اور کاروبای و تجارتی وفود کے تبادلوں کے ذریعے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری سے استفادہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کیوبا کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کیوبا کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور باہمی تعاون کو مختلف شعبوں میں وسعت دینے کی خواہش رکھتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی خواہش ہے کہ تجارت ، سرمایہ کاری ، تعلیم و دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی عوام کو قریب لانے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کی بہتری کیلئے پارلیمانی روابط کو بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کیوبا کی پارلیمنٹ کے سپیکر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اوربین الاقوامی اہم فورمز پر دونوں ممالک میں عمدہ تعاون اور بہترین تعلقات قائم ہیں ۔ کیوباکے سفیر نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ دو طرفہ تجارتی روابط بڑھانے پر زور دیا ۔