ذیابیطس کے عالمی دن کے موقع پر (پمز) میں تقریب اور واک کا اہتمام

جمعرات 14 نومبر 2019 17:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2019ء) پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) نے شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اور پاکستان سوسائٹی فار انٹرنل میڈیسن کے اشتراک سے ذیابیطس کے عالمی دن کے موقع پر جمعرات کو تقریب اور واک کا اہتمام کیا۔ اس حوالہ سے منعقدہ تقریب کی صدارت پروفیسر رئوف بزمی نے کی ۔ تقریب کا آغاز میڈیکل وارڈ نمبر 6 سے شعبہ امراض قلب تک واک سے کیا گیا، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ڈاکٹر عنصر مسعود اور شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسل پروفیسر ڈاکٹر تنویر خالق سمیت ہسپتال کے ڈاکٹرز، نرسز، میڈیکل سٹاف اور عملہ کے دیگر اراکین کے علاوہ پروفیسر ڈاکٹر رئوف نیازی، ڈاکٹر فبیحہ سیّد، ڈاکٹر محمد آصف احمد، ڈاکٹر فرہاس وقار، نسیم اختر، محمد عقیل اور ڈاکٹر شرجیل نے پمز سے سنٹورس مال تک ہونے والی آگاہی واک میں شرکت کی جس کے بعد ڈاکٹرز کیلئے ایک علیحدہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد علی عارف اور ڈاکٹر فبیحہ سیّد نے ذیابیطس کی بیماری سے متعلق لیکچر دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر علی عارف نے انسولین تھراپی کے آغاز سے متعلق اور ڈاکٹر فخر سیّد نے ذیابیطس کے شعبہ کے انتظامی امور سے متعلق لیکچر دیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر رئوف نیازی اور ان کی ٹیم نے ذیابیطس کے مریضوں کو زندگی بہتر انداز میں گزارنے کیلئے مفت مفید مشورے بھی فراہم دیئے۔اس موقع پر شوگر، بلڈ پریشر اور دیگر خون کے ٹیسٹ کی بھی مفت سہولت کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔