منشیات کیخلاف جنگ میں اینٹی نارکوٹکس فورس و دیگر متعلقہ ادروں کی کاوشیں قابل تعریف ہیں، منشیات کے استعمال کا بڑھتا ہوا رجحان ہمارے معاشرے بالخصوص نوجوان نسل کو دیمک کی طرح کھوکھلا کر رہا ہے، اس ناسور سے آنے والی نسل کو بچانے کی خاطر کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے

وفاقی وزیربرائے اینٹی نارکوٹکس وسیفران شہریارخان آفریدی کا منشیات نذرآتش کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب

جمعرات 14 نومبر 2019 17:40

منشیات کیخلاف جنگ میں اینٹی نارکوٹکس فورس و دیگر متعلقہ ادروں کی کاوشیں ..
پشاور۔14نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2019ء) وفاقی وزیربرائے اینٹی نارکوٹکس وسیفران شہریارخان آفریدی نے کہاہے کہ منشیات کیخلاف جنگ میں اینٹی نارکوٹکس فورس و دیگر متعلقہ ادروں کی کاوشیں قابل تعریف ہیں، منشیات کے استعمال کا بڑھتا ہوا رجحان ہمارے معاشرے بالخصوص نوجوان نسل کو دیمک کی طرح کھوکھلا کر رہا ہے، اس ناسور سے آنے والی نسل کو بچانے کی خاطر کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے، گزشتہ سال منشیات کی جو بھاری مقدار ضبط کی گئی وہ منشیات کیخلاف حکومت کے عزم اور اے این ایف کی انتھک محنت کو ظاہر کرتی ہے، منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کا قلع قمع کر کے قرار واقعی سزا دینے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے، اینٹی نارکوٹکس فورس اپنی قلیل نفری اور محدود وسائل کے باوجود منشیات اور اس مکروہ دھندے میں ملوث افراد کیخلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں، ڈرگ فری سوسائٹی کے وژن کو ہر حال میں عملی جامہ پہنائیں گے، منشیات جیسے جرم کی بیخ کنی کیلئے بحیثیت پاکستانی ہم سب کو اس کار خیر میں اپنا حصہ ڈالنا چاہئے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہارانہوںنے اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے منشیات نذرآتش کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرڈائریکٹرجنرل اینٹی نارکوٹکس فورس میجرجنرل عارف ملک،کمانڈنٹ اینٹی نارکوٹکس فورس خیبرپختونخوابریگیڈیئر متین احمدمرزا،باچاخان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاورکے جنرل منیجرعبیدالرحمان عباسی اورڈاکٹرانتخاب عالم بھی موجودتھے۔

یادرہے کہ تقریب کے دوران تقریباً 16ٹن منشیات جلائی گئی، امسال اینٹی نارکوٹکس فورس نے 344 مقدمات درج کیں اور سزا کی شرح 98 فیصد رہی، اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات فروشوں کی سمگلنگ کے ذریعے بنانے والے 52.677 ملین روپے کے اثاثے بھی منجمد کر دئیے۔وفاقی وزیرشہریارخان آفریدی نے کہاکہ منشیات کی روک تھام کی کاوشوں کو پوری دنیا تسلیم کرتی ہے، منشیات کیخلاف پاکستان نے 32 ممالک کیساتھ باہمی یاداشت کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہمارے جوانوںنے جام شہادت نوش کیئے مگر منشیات فروشوں اور منشیات کا قلع قمع کردیا، ماضی کی حکومتوں نے اس پر کام نہیں کیا۔