اپنی بقیہ زندگی اسلام کے مطابق گزاروں گا،حمزہ علی عباسی

فلموں کی روایتی اداکاری اور غیر معیاری کام میں اب نظر نہیں آﺅں گا

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعہ 15 نومبر 2019 06:52

اپنی بقیہ زندگی اسلام کے مطابق گزاروں گا،حمزہ علی عباسی
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 نومبر2019ء)   تھا جس کا انتظار وہ گھڑی آ گئی،دو ہفتے قبل حمزہ علی عباسی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر جس بات کا عندیہ دیا تھا آج اس کا باقاعدہ اعلان بھی کر دیا ہے۔پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی نے شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا باقاعدہ اعلان کردیاہے۔حمزہ علی عباسی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بذریعہ ویڈیو اعلان کیا کہ میں 10 سال کے عرصے سے خدا اور موت کے بعد جیسی چیزوں پر تحقیق کررہا تھا اور اس دوران جو باتیں سامنے آئیں اب وہ مداحوں کے ساتھ شیئر کروں گا۔

حمزہ علی عباسی نے ویڈیو کے آغاز پر سب سے پہلے رب اور پھر مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور اپنی ماضی کی زندگی کے بارے میں کچھ بتایا۔ 

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ میں شوبز انڈسٹری سے اس وجہ سے کنارہ کشی اختیار نہیں کررہا کہ اداکاری حرام ہے، میری تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ اسلام میں صرف بدکاری حرام ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ میں میڈیا کی حد تک اداکاری چھوڑ رہا ہوں اور اب اپنی بقیہ زندگی اسلام کے مطابق گزاروں گا، ساتھ ہی اپنے مداحوں کو بھی رب اور اسلام کے حوالے سے آگاہی دوں گا۔ حمزہ علی عباسی نے وضاحت کی کہ میں کنارہ کشی مشہوری کے لیے نہیں بلکہ غیرمعیاری کام کی وجہ سے کررہا ہوں، مستقبل میں آپ خود میری بنائی فلمیں اور ڈرامے دیکھیں گے۔

حمزہ علی عباسی نے ویڈیو میں سیاست چھوڑنے کا عندیہ بھی دیا اور مداحوں کو بتایا کہ وہ اپنے یوٹیوب چینل پر ویڈیوز شیئر کرتے رہیں گے۔ یاد رہے کہ چند روز قبل پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی نے ایک ٹویٹ کیا تھا جس کے بعد مختلف چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں اور ساتھ ہی ان کے مداح بھی تذبذب کا شکار ہوگئے۔اداکار نے ٹویٹ میں لکھا تھا کہ ”ایک دہائی سے زائد عرصے پر محیط سفر اپنے اختتام کو پہنچ گیا، رواں ماہ کے آخر میں بہت اہم اعلان کروں گا“۔

انہوں نے یہ بھی لکھا تھا کہ ”اکتوبر کے اواخر تک سوشل میڈیا سے دور رہوں گا اور امید کرتا ہوں کہ میری بات کو زیادہ سے زیادہ لوگ سنیں گے“۔ حمزہ علی عباسی نے اپنے کیریئر کا آغاز 2006 میں تھیٹر سے کیاتھا جبکہ اس وقت کئی مشہور ڈراموں اور فلموں میں کردار نبھا رہے تھے۔