قائداعظم ٹرافی کے فائنل کی تاریخوں میں تبدیلی، 27سے 31 دسمبر تک کراچی میں کھیلا جائیگا

موسم کی بدلتی صورتحال کے باعث قائداعظم ٹرافی کے دو میچز کے مقامات میں بھی تبدیلی

جمعہ 15 نومبر 2019 18:47

قائداعظم ٹرافی کے فائنل کی تاریخوں میں تبدیلی، 27سے 31 دسمبر تک کراچی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈومیسٹک ڈیپارٹمنٹ کے اعلان کے مطابق قائداعظم ٹرافی کے فائنل کی تاریخوں میں تبدیلی میں کردی گئی ہے،ایونٹ کا فائنل معرکہ اب 27 سے 31 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ تاریخوں میں تبدیلی پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچزکے شیڈول کی منظوری کے بعد کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 11 سے 15 دسمبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم اور دوسرا 19 سے 23 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جانا ہے۔اس سے قبل قائداعظم ٹرافی کا فائنل 9 سے 13 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جانا تھا۔دوسری جانب موسم کی بدلتی صورتحال کے باعث قائداعظم ٹرافی کے دو میچز کے مقامات میں تبدیلی کی گئی ہے۔ بلوچستان اور خیبرپختونخوا ہ کے درمیان ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں آٹھویں رائونڈ کا میچ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔سنٹرل پنجاب اور خیبرپختونخوا ہ کے درمیان 25 سے 28 نومبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول میچ بھی اب این بی پی اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔