فلور ملز کا اچانک دورہ معیار، مقدار اور ریٹس کی چیکنگ

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 18 نومبر 2019 17:33

فلور ملز کا اچانک دورہ معیار، مقدار اور ریٹس کی چیکنگ
جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 نومبر2019ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید نذارت علی نے جی ٹی روڈ پر واقعہ نجی فلور مل کا اچانک دورہ کیا اور اس موقع پر انہوں نے آٹے کے معیار، مقدار اور ریٹ کی چیکنگ کی۔ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے بتایا ہے کہ فلور ملز پر بھی سرکاری نرخوں پر آٹا فروخت کیا جا رہا جس میں 20 کلو آٹے کا تھیلہ 786 روپے میں فراہم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے وہاں صفائی ستھرائی اور معیاری اشیا کے بارے میں تفصیلی چیکنگ کی۔ انکا کہنا تھا کہ عوام الناس کو جائز قیمتوں پر اشیا خرد و نوش فراہم کرنے کے لئے حکومت پنجاب پرائس اور معیار پر سمجھوتا نہیں ہونے دے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا ہے کہ یہی آٹا عام مارکیٹ میں 808 روپے فی 20 کلو کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے ، زیاد قیمت وصول کرنے پر جرمانے اور ایف آئی آرز کا اندراج کیا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا ہے کہ پرائس کنٹرول کے اجلاس میں فیصلے کے مطابق آٹے کا ہول سیل ریٹ 786 ، پرچون ریٹ 808 روپے فی 20 کلو تھیلہ جبکہ روٹی 7 روپے فی 100 گرام فراہم کی جا رہی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ ضلع جہلم کے عوام شکایات کی صورت میں"qeemat" کے نام سے متعارف کروائی گئی موبائل ایپلیکیشن پر شکایات درج کروا سکتے ہیں جس کی بنیاد پر 2 گھنٹے کے اندر کارروائی عمل میں لائی جائے گی، انکا کہنا تھا کہ عظیم شہری ہونے کے ناطے زائد قیمتوں پر اشیا خرد و نوش کی شکایات ڈپٹی کمشنر و اسسٹنٹ کمشنرز دفتر میں یا 080002345 پر بذریہ ٹیلی فون درج کروائیں۔