گناہوں سے بچنے کیلئے خوف خدا کا ہونا ضروری ہے، گناہ کرنے سے قبل غور کرلیں کہ اللہ ہمیں دیکھ اور سن رہا ہے تو گناہ سے بچنے میں آسانی ہوجائے گی،امیر اہلسنت

منگل 19 نومبر 2019 18:10

گناہوں سے بچنے کیلئے خوف خدا کا ہونا ضروری ہے، گناہ کرنے سے قبل غور ..
کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2019ء) امیر اہلسنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ نے کہا ہے کہ گناہوں سے بچنے کیلئے دل میں اللہ کا خوف ہونا ضروری ہے، اس بات کا دل میں یقین ہونا چاہیے کہ اللہ پاک دیکھ رہا ہے اور ہمیں سن رہا ہے، رب عزوجل سب کچھ جانتا ہے کہ ہم کیا کررہے ہیں لہٰذا گناہ کرنے سے قبل غور کرلیں کہ اللہ ہمیں دیکھ رہا ہے اس طرح گناہ سے بچنے میں آسانی ہوجائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بذریعہ ویڈیو لنک مدنی مذاکرے سے بیان کرتے ہوئے کیا۔ امیر اہلسنت نے کہا کہ اگر گناہ سرزد ہوگیا تو فوراً توبہ کرلیجئے توبہ میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے، محض کانوں کو ہاتھ لگا لینا توبہ نہیں بلکہ گناہ کو گناہ سمجھنا اور گناہ کے ارتکاب پر شرمندگی بھی ہو اور آئندہ گناہ نہ کرنے کا پختہ عہدہو تو اسے توبہ کہتے ہیں۔

(جاری ہے)

غور کریں اگر نامہ اعمال میں گناہ ہوتے ہوئے مرگئے تو کیا ہوگا، کہیں یہ گناہ آپ کو قبر میں سانپ بچھوؤں میں نہ جھونک دے ،کہیں گناہ جہنم میں نہ گرادے۔ یادرکھیں ایک گناہ بھی خطر ناک ہے اگر اللہ اس ایک گناہ کے سبب ناراض ہوگیا تو مشکل ہوجائے گی،ہر گناہ سے بچنے اور آئندہ گناہ نہ کرنے کا پختہ عہد کریں۔اگرتوبہ کے ارادے سے گناہ کرنا یعنی گناہ کرنے کے بعد توبہ کرلیں گے تو یہ خطرناک ہے۔

امیر اہلسنت نے کہا کہ شادی کی تقریبات میں ایسے کام نہ کئے جائیں جن سے اللہ عزوجل اور رسول ﷺ ناراض ہوں ، اگر شادی میں گناہ ہونگے تو شادی خانہ آبادی کیسے ہوگی ، پھرایسے گھروں میں سکون نہیں ہوتا ، کسی کو تکلیف دے کر ،میوزیکل پروگرام کرکے کیسے گھر بسے گا۔ بعض نادان مسخروں کو بلاتے ہیں اور وہ بسا اوقات کفریات تک بک دیتے ہیں اور لوگ ہنس رہے ہوتے ہیں جو خطر ناک ہے ،اللہ عزوجل ہمیں اپنی حفظ وامان میں رکھے اور ہمارے حال پر رحم فرمائے۔

متعلقہ عنوان :