Live Updates

احتساب عدالت ، چوہدری شوگر مل کیس میں یو سف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں 6 دسمبر تک توسیع

جمعہ 22 نومبر 2019 15:42

احتساب عدالت ، چوہدری شوگر مل کیس میں یو سف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2019ء) لاہور کی احتساب عدالت نے چوہدری شوگر مل کیس میں نیب کا ریفرنس فائل ہونے تک مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی جبکہ ان کے چچا زاد بھائی یو سف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں 6 دسمبر تک توسیع کر دی ۔ احتساب عدالت لاہور کے جج چوہدری امیر محمد خان نے کیس کی سماعت کی۔

جمعہ کے روز عدالتی سماعت کے موقع پر مریم نواز سخت سکیورٹی حصار میں عدالت کے روبرو پیش ہوئیں جبکہ ان کے چچا زاد بھائی یوسف عباس کوجیل سے لاکر پیش کیا گیا۔ دوران سماعت عدالت نے نیب کے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ ریفرنس کب فائل کیا جا رہا ہے جس پر تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ ابھی تحقیقات چل رہی ہے، مکمل ہونے پر فائل کر دیں گے۔

(جاری ہے)

ملزمہ مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے ریفرنس دائر ہونے تک مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی ۔

نیب کے وکیل حافظ اسد اعوان نے درخواست کی مخالفت کی اور استدعا کی کہ انہیں تحریری جواب کیلئے مہلت دی جائے لیکن عدالت نے یہ استدعا مسترد کر دی، مریم نواز اورنواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ نواز شریف علاج کیلئے بیرون ملک گئے ہیں اس لیے انہیں بھی حاضری سے استثنٰی دیا جائے جس پر عدالت نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ میں نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی حد تک تھا ۔مریم نواز کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے اندر اور باہرپولیس سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات