مہنگائی کی ستائی عوام کیلئے بالآخر خوشخبری، ٹماٹر کی قیمت میں ایک ہی دن میں زبردست کمی ہوگئی

پیر کو کاروباری روز کے آغاز پر ماٹر 20 روپے کلو سستا ہوگیا، جبکہ دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں بھی کمی آنا شروع

پیر 2 دسمبر 2019 19:22

مہنگائی کی ستائی عوام کیلئے بالآخر خوشخبری، ٹماٹر کی قیمت میں ایک ہی ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 دسمبر 2019ء) مہنگائی کی ستائی عوام کیلئے بالآخر خوشخبری، ٹماٹر کی قیمت میں ایک ہی دن میں زبردست کمی ہوگئی، پیر کو کاروباری روز کے آغاز پر ماٹر 20 روپے کلو سستا ہوگیا، جبکہ دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں بھی کمی آنا شروع۔ تفصیلات کے مطابق کئی ہفتوں سے مسلسل مہنگی ہوتی سبزیوں کی قیمتوں کو بالآخر ریورس گیئر لگ گیا ہے۔

 بتایا گیا ہے کہ رواں ہفتے کے آغاز پر ملک کی مارکیٹوں میں ٹماٹر کی قیمت میں 20 روپے فی کلو تک کمی آئی ہے اور  آلو کی قیمت میں بھی کمی ہوئی۔ تاہم پیاز کی قیمت میں تاحال کمی نہیں ہو سکی ہے۔ کئی ہفتوں کے بعد ٹماٹر کی قیمت میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے اور ایک روز میں ٹماٹر کی سرکاری قیمت 20 روپے کمی سے 145 روپے فی کلو ہو گئی۔

(جاری ہے)

ٹماٹر تین روز میں مجموعی طور پر 30 روپے سستا ہوا ہے۔ چھوٹی مارکیٹوں میں ٹماٹر 180 اور عام دکانوں پر 200روپے کلو تک کی قیمت میں فروخت ہو رہا ہے۔ آلو کی قیمت بھی 3 روپے کم ہوئی جو 45 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔ دوسری جانب پیاز تاحال مہنگا ہے اس کی قیمت میں کمی  نہیں آ رہی۔ مارکیٹ میں پیاز بدستور 75 روپے کلو کی قیمت پر برقرار ہے جبکہ دکانوں پر 100روپے کلو تک کی قیمت میں فروخت ہو رہا ہے۔ ان 3 سبزیوں کے علاوہ ادرک 350، لہسن 300 روپے، سبز مرچ 200 اور شملہ مرچ 250 روپے فی کلو کی قیمتوں میں دستیاب ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ تقریباً ایک ماہ تک عوام کی چیخیں نکلوانے والا ٹماٹر اب سستا تو ہونا شروع ہو گیا ہے، لیکن اس کی قیمت معمول پر آنے میں ابھی بھی مزید وقت درکار ہے۔

متعلقہ عنوان :