ایک بار پھر عمرہ زائرین کی فہرست میں پاکستانی پہلے نمبر پر آ گئے

رواں سیزن میں اب تک 3 لاکھ 73 ہزار 984پاکستانی عمرہ کی سعادت حاصل کر چکے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 7 دسمبر 2019 12:48

ایک بار پھر عمرہ زائرین کی فہرست میں پاکستانی پہلے نمبر پر آ گئے
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7دسمبر 2019ء) سعودی عرب میں نئے ہجری سال کے عمرہ سیزن کا آغاز یکم محرم الحرام سے ہو گیا ہے۔ جس کے بعد اب تک لاکھوں زائرین عمرہ کی سعادت حاصل کر چکے ہیں۔ سعودی محکمہ شماریات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ رواں سال کی طرح اس عمرہ سیزن میں بھی اب تک عمرہ کی غرض سے آنے والوں میں پاکستانیوں کی گنتی سرفہرست ہے۔ محکمہ شماریات کے مطابق 4 دسمبر 2019ء تک دُنیا بھر سے کلمہ گو افراد کو مجموعی طور پر 16 لاکھ 47 ہزار 662 ویزوں کا اجراء کیا گیا ہے۔

جن میں سے اب تک 13 لاکھ 86 ہزار 183 افراد عمرہ ادا کرنے سعودی عرب آ چکے ہیں۔ جبکہ عمرہ کی سعادت حاصل کرکے وطن واپس لوٹ جانے والوں کی گنتی 10 لاکھ 75 ہزار سے زائد ہے۔ اس بار بھی پاکستانی زائرین ہی عمرہ کی ادائیگی میں سرفہرست ہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ شماریات کے مطابق اب تک 3 لاکھ 73 ہزار 984پاکستانی عمرہ کی سعادت حاصل کر چکے ہیں۔ اس فہرست میں انڈونیشیا کے زائرین دوسرے نمبر پر ہیں جن کی گنتی 3 لاکھ 47 ہزار 424ہے۔

بھارتی مسلمانوں کی گنتی 2 لاکھ 10ہزار 52کی گنتی کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ معتمرین کی اس فہرست میں ملائیشیا چوتھے، ترکی پانچویں، بنگلہ دیش چھٹے، الجزائر ساتویں، امارات 8ویں، عراق نویں اور اردن 10ویں نمبر پر ہے۔وزارت حج و عمرہ کے مطابق سب سے زیادہ معتمرین ہوائی جہازوں کے ذریعے مملکت پہنچے ہیں جن کی گنتی 13 لاکھ 28ہزار 647ہے، زمینی راستے سے آنے والوں کی گنتی57 ہزار 525جبکہ بحری سفر کے ذریعے اب تک صرف 11افراد عمرے کی خاطر سعودی عرب آئے ہیں۔

واضح رہے کہ کہ گزشتہ عمرہ سیزن میں سعودی عرب میں عمرے کی غرض سے سب سے زیادہ زائرین پاکستان آئے تھے۔ جن کی گنتی 16 لاکھ سے زائد ریکارڈ کی گئی۔ رواں سال بھی عمرہ کی غرض سے سب سے زیادہ زائرین پاکستان سے ہی آنے کا امکان ہے۔کیونکہ سعودی حکومت نے پاکستانیوں کے لیے عمرے کے کوٹے میں 18 فیصد کا اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے باعث مزید لاکھوں پاکستانی عمرے کی سعادت حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔