تحریک انصاف ہزارہ کے نو منتخب صدر علی اصغر خان کو مبارکباد دینے کیلئے آنے والے رہنمائوں اور کارکنوں کا تانتا

پیر 9 دسمبر 2019 15:10

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف ہزارہ ریجن کے نو منتخب صدر علی اصغر خان کی ایبٹ آباد میں رہائش گاہ پر مبارکباد کیلئے آنے والے پارٹی رہنمائوں اور کارکنان کا رش دیکھنے میں آیا۔ ریجنل صدارت ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکبادیں دیں، یہ فیصلہ پی ٹی آئی کیلئے خوش آئند اقدام قرار دیا۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے ریجنل صدر این اے 15- سے سابق امیدوار قومی اسمبلی علی اصغر خان سے ملنے اور اظہار یکجہتی کیلئے ہزارہ بھر سے وفود کا تانتا بندھ گیا۔ کوہستان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، تورغر اور ہری پور سے پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے وفود کی شکل میں علی اصغر خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر نو منتخب صدر علی اصغر خان نے بات چیت کرتے ہوئے کہا اس اہم ذمہ داری پر آپ سب کی خلوص بھری حمایت و تائید کے بے حد شکر گذار ہیں، پارٹی کے ساتھیوں نے جس انداز میں نیک خواہشات اور جذبات کا اظہار کیا وہ اس بات کا متقاضی ہے کہ پارٹی سے وابستہ لوگوں کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے میرٹ، انصاف اور جمہوری اقدار کی پاسداری یقینی بنائی جائے اور حقیقی لیڈر شپ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اہل اور قابل ورکرز کی قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا جائے بالخصوص نوجوانوں کو آگے آنے کے مواقع دیئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارٹی کو حقیقی معنوں میں ایسا ادارہ بنایا جائے جو شخصیات کی بجائے نظریات اور مضبوط ڈھانچہ کی بنیاد پر گراس روٹ لیول پر اپنی جڑیں مضبوط کرے، تنظیمیں حکومت اور عام آدمی کے درمیان پل کا کردار ادا کریں گی اور کارکنوں اور منتخب نمائندوں کے درمیان فاصلے ختم کئے جائیں گے جہاں پارٹی کے منتخب نمائندے ورکرز اور عوام کو جوابدہ ہیں وہیں کارکنان کو بھی اپنے منتخب نمائندوں کی کارکردگی بہتر بنانے میں معاون ذریعہ بننا ہو گا۔

علی اصغر خان نے کہا کہ پارٹی کی نظریاتی اساس کا پیروکار ہونے کی حیثیت سے پارٹی ارکان کی ان سے جو بھاری توقعات ہیں ان پر وہ پورا اترنے کی کوشش کریں گے اور پاکستان تحریک انصاف کے بنیادی مقصد کے حصول کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے، قومی و عوامی مفاد کی راہ میں کوئی مصلحت آڑے نہیں آنے دیں گے، انشاء الله پارٹی نے ہم پر جس اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے جو ذمہ داری اور بھاری فریضہ ہمیں سونپا ہے الله تعالیٰ ہمیں اس کو بطریق احسن ادا کرنے کی ہمت و توفیق عطا فرمائے۔