انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خاموشی ناقابل فہم ہے،اسد قیصر

اگست سے بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانیت سوز کرفیو انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

منگل 10 دسمبر 2019 19:46

انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2019ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خاموشی ناقابل فہم ہے، 5 اگست سے بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانیت سوز کرفیو انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اسپیکر قومی اسد قیصر نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا اور اسے زندگی گزرنے کے لیے ایک ضابطہ حیات دیا ہے ۔

اسد قیصر نے کہاکہ اللہ تعالی کے بنائے ضابطہ حیات میں انسانی حقوق سر فہرست ہیں، تمام مذاہب و مباحثہ کا محور حرمت انسانی ہے۔ انہوںنے کہاکہ نبی صلی اللہ علیہ و سلم کا خطبہ الوداع حقوق العباد اور ضابطہ حیات کا بنیادی جزو ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ جس نے آقا اور غلام کے فرق کو مٹا دیا، پاکستان نے انسانی حقوق کے عالمی چارٹر پر دستخط کیے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ پاکستان اس ضمن میں بین الاقوامی سطح پر کیے گے وعدوں پر عمل پیرا ہے۔ انہوںنے کہاکہ اللہ تعالی نے قران پاک میں انسانی حقوق کا ایک مکمل ضابطہ حیات متعین کیا ہے جسں میں انسانی حقوق کو پورا کرنے کی سخت وحید فرمائی ہے۔انہوںنے کہاکہ انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خاموشی ناقابل فہم ہے۔

اسد قیصر نے کہاکہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اقوام عالم کی خاموشی سمجھ سے بالا تر ہے۔ انہوںنے کہاکہ 5 اگست سے بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانیت سوز کرفیو انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے۔ انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو گزشتہ چار ماہ سے اپنے مذہبی فرائض کی ادائیگی میں مسلسل رکاوٹوں کا سامنا ہے۔

انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی عوام پر ہونے والے مظالم اور بربریت انسانیت کی تذلیل ہے۔انہوںنے کہاکہ کشمیر میں ہزاروں بے گناہ معصوم بچوں کا قتل اور خواتین کی عصمت دری کے واقعات انتہائی افسوس ناک ہیں، مقبوضہ کشمیر کی عوام کی ہمت و استقلال اور جرات کو سلام پیش کرتا ہوں۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ 5 اگست کے بھارتی اقدام پر پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے دنیا بھر کے پارلیمانوں کو خطوط کے ذریعے کشمیر کی ابتر صورتحال سے بروقت آگاہ کیا۔انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے اقدامات کرنے چاہیے۔